سری نگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے کاریگروں اور بُنکروں پر زور دیا ہے کہ وہ اَپنے بچوں کو کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (سی ڈی آئی)سری نگر جو کہ کشمیر یونیورسٹی سے منسلک ہے، میں کرافٹ مینجمنٹ اینڈ اَنٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت دو سالہ ایم بی اے کورس میں داخلے کے لئے درخواست دینے کی ترغیب دیں۔محکمہ نے کہاکہ یہ خصوصی پوسٹ گریجویٹ پروگرام پیشہ ورانہ طور پر تربیت یافتہ کرافٹ کاروباری اَفراد کی ایک نئی نسل تیار کرنے کا مقصد رکھتا ہے جو کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ ہیندی کرافٹس و ہینڈلوم روایات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک لے جانے کے قابل ہو۔ یہ کورس دستکاری، ڈیزائن، ٹیکنالوجی، مینجمنٹ اور کاروباری صلاحیت کو مربوط کرتا ہے جو طلباکو کرافٹ اکانومی اور اس کے اُبھرتے ہوئے مواقع کی جامع تفہیم فراہم کرتا ہے۔محکمہ کے ترجمان نے جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہاکہ یہ پروگرام جموں و کشمیر میں کرافٹ کاروباری صلاحیت اور کاروباری ترقی کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے کہا،’’ہم بالخصوص کاریگروں اور بُنکروں کے بچوں اور اہل خانہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پروگرام سے اِستفادہ کریں۔ ہمارے روایتی دستکاری میں زبردست معاشی اور برآمدی صلاحیت موجود ہے اور پیشہ ورانہ طور پر تربیت یافتہ نوجوان نسل اس ورثے کو دیرپا کاروباری اِداروں میں تبدیل کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر مسابقتی برانڈز بنانے میں فیصلہ کن کردار اَدا کر سکتی ہے۔‘‘اُنہوںنے مزید کہاکہ حکومت مقررہ اہلیت کے معیار کے مطابق دو سالہ پی جی کورس کی ٹیوشن فیس کی واپسی کرے گی۔ اُنہوں نے کہا،’’دلچسپی رکھنے والے کاریگروں اور بُنکروں کو ٹیوشن فیس کی واپسی کے لئے اہلیت ثابت کرنے کے لئے متعلقہ مجاز اَتھارٹی سے جاری کردہ آمدنی سر ٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔‘‘ترجمان نے ہینڈی کرافٹس شعبے میں سی ڈی آئی کی خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس اِنسٹی چیوٹ نے پیشہ ورانہ ، اِختراع اور کاروباری صلاحیت کو فروغ دینے میں اہم کردار اَدا کیا ہے جس کے فارغ التحصیل طلبأ کشمیر کے روایتی دستکاری سے متعلق کاروباروں میں سرگرم ہیں۔ اِنسٹی چیوٹ کا ڈیزائن، ٹیکنالوجی اور انتظام کا مربوط طریقۂ کار طلبأ کو پروڈکٹ ڈیولپمنٹ، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور اَنٹرپرائز مینجمنٹ میں مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ ایم بی اے پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبأ کے لئے ایک ’سٹارٹ اپ لانچ پیڈ‘ تیار کرنے کی سمت میں کام کر رہا ہے تاکہ وہ اَپنی پیشہ ورانہ معلومات کو قابلِ عمل کرافٹ کاروباری اِداروں اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کر سکیں۔محکمہ نے اہل اُمیدواروں اور کاریگروں و بُنکروں کے وارڈوںسے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقعے سے فائدہ اُٹھائیں اور مقررہ داخلہ شیڈول کے اندر درخواست دیں اور ہیندی کرافٹس و ہینڈلوم شعبے میں اِختراع، کاروباری صلاحیت اوردیرپا ذریعہ معاش کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیاہے۔










