جاوید ڈار نے کسان میلے کے اِنتظامات اور ووسن بنگل ٹنگمرگ میں منڈی کی سنگ بنیاد رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا

جاوید ڈار نے کسان میلے کے اِنتظامات اور ووسن بنگل ٹنگمرگ میں منڈی کی سنگ بنیاد رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج محکمہ زراعت اور اس سے منسلک محکموں کے سربراہان کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں بارہمولہ ضلع کے ٹنگمرگ علاقے میں ووسن بنگل میں منعقد ہونے والے آئندہ کسان میلے اور منڈی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دی گئی۔میٹنگ میں ممبر قانون ساز اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ، محکمہ زراعت و باغبانی کے سربراہان اور متعلقہ اَفسران موجود تھے۔میٹنگ میں میگا ایونٹ کی تیاریوں پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ وزیر مختلف محکموں کی طرف سے کئے جا رہے اِنتظامات کا جامع جائزہ لے رہے ہیں۔وزیرموصوف کو بتایا گیا کہ منڈی کے قیام کے لئے 50 کنال اَراضی محکمہ ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کو منتقل کر دی گئی ہے اورمحکمہ نے پہلے ہی زمین کا قبضہ حاصل کر لیا ہے۔اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ پروگرام کے کامیاب اِنعقاد کے لئے بغیر کسی رکاوٹ کے بین ڈیپارٹمنٹل کوآرڈی نیشن، باریک بینی سے منصوبہ بندی اور تمام اِنتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ہر محکمے کو ایونٹ کو مؤثر، منظم اور کسان کمیونٹی کے لئے فائدہ مند بنانے کے لئے اَپنا بھرپور تعاون کریں۔میٹنگ میں تفصیلی پروگرام کے شیڈول اور مختلف زراعت اور متعلقہ محکموں کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جاوید ڈار نے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ معلوماتی اور پیشہ ورانہ انداز میںڈیزائن کئے گئے سٹال قائم کریںجن میں ان کی سکیموں، اہم پروگراموں، کامیابیوں، اِختراعی اقدامات، جدید ٹیکنالوجی اور کسانوں پر مرکوز اقدامات کو نمایاں کیا جائے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسان میلے کو کسانوں کو محکمہ کے افسران، زرعی سائنسدانوں، تکنیکی ماہرین اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے کے لئے ایک بامعنی پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہیے۔اِس کے علاوہ انہیں جدید زرعی طریقوں، سرکاری سکیموں اور دستیاب معاون طریقہ کار سے آگاہ کرنا چاہیے۔وزیر موصوف نے کسانوں سے متعلق مختلف اقدامات کے بارے میں مؤثر انداز میں معلومات کی فراہمی پر زور دیا اور محکموں کو ہدایت دی کہ سٹالوں پر مناسب تعداد میں عملہ اور ضروری سہولیات دستیاب ہوں تاکہ کسانوں اور دیگرلوگوں کے سوالات اور مسائل کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔اُنہوںنے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب حکومت کے زرعی معیشت کو مضبوط بنانے، مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور کاشتکار کمیونٹی کو بہتر منڈی روابط اور سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرے۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر تیاریوں کی نگرانی کریں، قریبی تال میل برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پروگرام کے ہر حصے کو پیشہ ورانہ انداز اور مکمل درستگی کے ساتھ انجام دیا جائے۔