پی ایچ سی نہامہ میں صحت کی سہولیات کا افتتاح کیا ، نو عمر لڑکیوں میں ڈگنیٹی کٹس تقسیم کیں
کلگام//وزیر برائے سماجی بہبود ، تعلیم ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج کلگام کے گاؤں کا وسیع دورہ کیا تا کہ موجودہ موسم میں شدید موسمی حالات کی وجہ سے باغات کو پہنچنے والے نقصان کا براہ راست جائیزہ لیا جا سکے ۔ وزیر نے کئی متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا جن میں برویتھ ، نہامہ ، سمنو ، گوپال پورہ ، لکھدی پورہ ، ٹینگام ، باتی پورہ اور چوگل پورہ شامل ہیں ۔ وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کلگام ، ایس ڈی ایم نور آباد ، تحصیلدار ڈی ایچ پورہ ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر کلگام ، اور ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے ۔ اپنے دورے کے دوران محترمہ سکینہ ایتو نے پھل کاشتکاروں سے بات چیت کی ، باغات کا معائینہ کیا اور کاشتکاری برادری کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی رائے لی ۔ کاشتکاروں نے وزیر موصوفہ کو اولے اور تیز عدرات ہواؤں کے بعد پھلوں کی فصلوں کو شدید نقصان ، پتوں کے جھڑنے اور پھل دار درختوں کو نقصان پہنچنے کی سنگینی سے آگاہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کلگام نے وزیر موصوفہ کو ضلع کے مختلف علاقوں سے رپورٹ شدہ نقصان کے جائیزے اور امداد کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف ہارٹیکلچر آفیسر کلگام نے بتایا کہ نقصان کا ابتدائی جائیزہ متعلقہ حکام کو پہلے ہی پیش کیا جا چکا ہے اور نقصانات کی گاؤں وار تفصیلات مرتب کی جا رہی ہیں تا کہ ایس ڈی آر ایف /یو ٹی کے قابل اطلاق اصولوں کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ وزیر نے متاثرہ کاشتکاروں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ باغبانی کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت کاشتکار برادری کی پریشانی کو پوری طرح سمجھتی ہے ۔ وزیر نے متاثرہ کسانوں کو یقین دلایا کہ قابل اطلاق قواعد و ضوابط کے تحت اہل مستفیدین کو تمام ممکنہ امداد اور ریلیف فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کو حکومت میں مناسب سطح پر اٹھایا جائے گا ۔ بعد ازاں وزیر موصوفہ نے پائیمری ہیلتھ سینٹر ( پی ایچ سی ) نہامہ کلگام میں کلیدی صحت اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا بھی افتتاح کیا جن کا مقصد اس دور دراز علاقے میں صحت کی دیکھ بھال کو مزید مضبوط بنانا ہے جن میں 30 کے وی اے جنریٹر سیٹ ( جس پر دس لاکھ روپے کی لاگت آئی ) ، 20 بسترہ ان پیشنٹ وارڈ اور صحت مرکز میں سی بی سی اینالائزر شامل ہیں ۔ ان سہولیات سے بجلی کے بیک اپ ، ان پیشنٹ کی گنجائش اور تشخیصی خدمات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس سے مقامی آبادی کو فائدہ ہو گا ۔ ایک اور تقریب میں وزیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈی ایچ پورہ کا دورہ کیا اور نوجوان لڑکیوں میں 500 ڈگنیٹی کٹس تقسیم کیں ۔ ان کٹس میں حیض کی حفظانِ صحت کی مصنوعات ، صحت سے متعلق تعلیمی مواد اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں جن کا مقصد کمیونٹی کو مدد فراہم کرنا ، حیض کی صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور لڑکیوں کی عزت و وقار اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔










