اننت ناگ میں حب الوطنی اور جوش و جذبے کے ساتھ80 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا اِنعقاد

اننت ناگ میں حب الوطنی اور جوش و جذبے کے ساتھ80 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا اِنعقاد

سکینہ اِیتو نے قومی پرچم لہرایا اورحکومت کی کامیابیوں کو اُجاگر کیا

اننت ناگ//اننت ناگ ضلع بھر میں 80 واں یوم آزادی بڑے حب الوطنی، جوش وخروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس دِن کی مرکزی تقریب شہید ہمایوں مزمل میموریل گورنمنٹ ڈِگری کالج کھنہ بل میں ہوئی جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے اس تاریخی موقع کی یاد منائی اور ان مجاہدین آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیر برائے تعلیم، اعلیٰ تعلیم، صحت اور طبی تعلیم اور سماجی بہبودمحکمہ جات سکینہ اِیتو مرکزی تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ اُنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے دستوں کی طرف سے پیش کی گئی شاندار پریڈ کا معائینہ او رسلامی لی۔ پریڈ میں این سی سی کیڈٹس اور سکولی بچوں کے دستے بھی شامل تھے جنہوں نے نظم و ضبط اور جوش و جذبے کے ساتھ مارچ پاسٹ کیاجس سے تقریب کا حب الوطنی کا جذبہ مزید اُجاگر ہوا۔تقریب سے سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے اننت ناگ اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو 80 ویں یوم آزادی پر مُبارک باد دِی ۔ اُنہوں نے مجاہدین آزادی ،شہدأاور قومی ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن کی ہمت، قربانی اور عزم نے ملک کی آزادی کو ممکن بنایا۔ اُنہوں نے آزادی، جمہوریت اور قوم کے اتحاد کی اقدار کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے مختلف شعبوں میں حکومت کی کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے عوام کی مجموعی ترقی، بہبود اور بااختیار بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔وزیر موصوفہ نے صحت شعبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طبی سہولیات میں بہتری لانے اور لوگوںبالخصوص خواتین، بچوں اور معاشرے کے غریب طبقات کے لئے بہتر اور زیادہ قابل رسائی صحت نگہداشت کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے ایک مضبوط، خوشحال اور خود انحصار معاشرے کی تعمیر کے لئے تعلیم اور دیگر اہم شعبوں کو دی جانے والی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تعلیم کا فروغ، ہیلتھ کیئر کی خدمات کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں بالخصوص طلبأاور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ضلع اور ملک کی مجموعی ترقی و پیش رفت میں فعال کردار اَدا کریں۔اُنہوں نے خود روزگار سکیموں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آگے آنا چاہئے اور مختلف فلیگ شپ سکیموں سے فائدہ اُٹھانا چاہئے تاکہ وہ خوشحال کاروباری اور روزگار فراہم کرنے والے بنیں۔یوم آزادی کی تقریب میںممبر اسمبلی اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بٹ،رُکن اسمبلی پہلگام الطاف احمد وانی، ایم ایل اے سری گفوارہ۔بجی بہاڑہ بشیر احمد شاہ ویری، ممبر قانون ساز اسمبلی کوکرناگ ظفر علی کھٹانہ،رُکن قانون ساز اسمبلی شانگس اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان، ممبر اسمبلی دیوسرپیرزادہ فیروز احمد، ڈی آئی جی ایس کے آر جاوید اِقبال متو، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ایس ایس پی اننت ناگ امود اشوک ناگپورے، اے ڈی سی، ایس ای، کالج کے پرنسپل، سول اِنتظامیہ، پولیس، نیم فوجی اور دیگر سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران، سابق عوامی نمائندگان، مختلف سرکاری محکموں کے اَفسران، اَساتذہ، طلبأ ، این سی سی کیڈٹس، سول سوسائٹی کے اراکین، سماجی کارکنان اور بڑی تعداد میں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد کی موجودگی تقریبات سے وابستہ اتحاد اور اِجتماعی شرکت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔اِس موقعہ پر مختلف تعلیمی اِداروں کے طلبأنے حب الوطنی ، مقامی لوک ثقافت اور قومی یکجہتی پر مبنی رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے۔تقریب کا اختتام پرمارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اِس کے علاوہ مختلف محکموں کے ملازمین، فن کاروں، سماجی کارکنوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور زمینی سطح پر خدمات انجام دینے والے کارکنوں کو اَپنے اَپنے شعبوں میں مثالی عوامی خدمت اور قابلِ ستائش کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا۔