جموںوکشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نے 80واں یوم آزادی منایا

جموںوکشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نے 80واں یوم آزادی منایا

نئی دہلی//جموں و کشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نئی دہلی نے اپنے احاطے پرتھوی راج روڈ نئی دہلی میں 80 واں یوم آزادی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا۔تقریبات کا آغاز ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر انیل کمارکے ہاتھوں قومی پرچم لہرانے سے ہوا جس میں ریذیڈنٹ کمیشن اور اس کے ماتحت دفاتر کے اَفسران و ملازمین موجود تھے۔ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے ان آزادی پسندوں اور قومی ہیروز کو زبر دست خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی بہادری، قربانی اور عزم نے آزاد ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ اُنہوں نے اَفسران اور عملے سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں دیانت داری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھیں اور عوامی خدمت و قوم کی تعمیر کے اَپنے عزم پر ثابت قدم رہیں۔انیل شرما نے ریذیڈنٹ کمیشن کی ترقیاتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس چانکیہ پوری نئی دہلی میںجے اینڈ کے ہاؤس کی اَپ گریڈیشن اور بہتری کا کام انجام دیا گیا جبکہ اسی طرح کا کام امرتسر میں واقع جموں و کشمیر ہاؤس میں بھی مکمل کیا گیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ دوارکا نئی دہلی میں جموں و کشمیر ہاؤس پر کام بھی جلد شروع ہونے کی توقع ہے جس سے یونین ٹیریٹری کے وِزیٹروں اور اَفسران کے لئے دستیاب سہولیات مزید مستحکم اور بہتر بنایا جائے گا۔اُنہوں نے ریذیڈنٹ کمیشن اور اس کے ماتحت دفاتر کے اَفسران و عملے کی انتھک کوششوں، لگن اور عزم کو بھی سراہا اور دفاتر کے ہموار کام اور خدمات کی فراہمی میںان کے تعاون کا اعتراف کیا۔اِس موقعہ کو عملے اور بچوں کی جانب سے پیش کئے گئے ایک متحرک ثقافتی پروگرام نے مزید تقویت بخشی جس میں حب الوطنی کے گیت اور پرفارمنس پیش کی گئی جو قومی اتحاد، فخر اور ثقافتی تنوع کے جذبے کی عکاسی کرتی تھی۔تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ریذیڈنٹ کمیشن کے عملے کے ارکان اور جموں و کشمیر آرمڈ پولیس (جے کے اے پی) کے اہلکاروں کو ان کی مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں مومنٹوز اور توصیفی اسناد پیش کی گئیں۔ اِسی طرح ثقافتی پروگرام میں حصہ لینے والے بچوں کو بھی ان کے پرجوش تعاون کے اعتراف میںتوصیفی اسناد دی گئیں۔