اہم کامیابیوں کو اُجاگر کیا ،بارش سے متاثرہ اَفراد کیلئے مدد او ربحالی کی یقینی دہانی کی
پونچھ// ضلع ہیڈکوارٹر پونچھ میں 80واں یومِ آزادی حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اِس موقعہ پروزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے قومی ترنگا لہرایا اور سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں منعقدہ مرکزی تقریب کے دوران جموں و کشمیر پولیس، آئی آر پی، سی آر پی ایف،فارسٹ پروٹیکشن فورس ، این سی سی کیڈٹس اور سکولی بچوں کے دستوں کی جانب سے پیش کئے گئے شاندار مارچ پاسٹ کا معائینہ کیا اور سلامی لی۔اِس موقعہ پرممبر اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم،ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما، پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج پونچھ سشیل سنگھ، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میر وجاہت، چیف جوڈیشل مجسٹریٹ پونچھ سرفراز نواز، سیکرٹری ڈِی ایل ایس اے پونچھ رفاقت حسین، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ شفقت حسین بٹ، سول اِنتظامیہ، پولیس اور فوج کے سینئر اَفسران، ممتاز شہری اور بڑی تعداد میںلوگ موجود تھے۔اُنہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے اور اِنصاف، آزادی، مساوات، بھائی چارے اور قومی اتحاد کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اِجتماعی عزم کی تجدید کا موقع ہے۔جاوید رانا نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو تہہ دل سے مُبارک باد پیش کی اور آزادی پسندوں اور قومی رہنماؤں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن کی ہمت، قربانی اور نظریات نے ملک کی آزادی کو حاصل کیا اور اس کے جمہوری سفر کی بنیاد رکھی۔اُنہوں نے پونچھ کی شاندار روایات، بہادری ، قربانی اور حب الوطنی کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے لوگوں نے قومی یکجہتی کے تحفظ اور ملک کے جمہوری اَقدار کو مستحکم کرنے میں ہمیشہ نمایاں کردار اَدا کیا ہے۔وزیرموصوف نے کہا کہ ہندوستان نے آزادی کے بعد تعلیم، روزگار، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ اُنہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک مضبوط، جامع، پُرامن اور خوشحال ملک کی تعمیر میں فعال کردار اَدا کریں۔اُنہوں نے ترقی اور بنیادی ڈھانچے، آبی تحفظ اور قبائلی بہبود، سڑکوں، زراعت اور روزگار کے ذرائع، فلاحی اَقدامات، اِمداد اور بحالی کے امور پر روشنی ڈالی۔جاوید رانا نے یقین دِلایا کہ متاثرہ اَفراد کو ہر ممکن اِمداد فراہم کی جائے گی اور تباہ شدہ سڑکوں، پلوں، پینے کے پانی کی سکیموں اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے جامع اور دیرپا ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ، جنگلات اور حیاتیاتی تنوع کی حفاظت، قدرتی وسائل کا دیرپا انتظام اور قبائلی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانا بھی ضروری ہے۔وزیر موصوف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، سکل ڈیولپمنٹ، کاروبار اوراِختراع کے ذریعے قوم کی تعمیر میں فعال شراکت دار بنیں۔اُنہوںنے حکومتی اقدامات اور عوامی مسائل کے بارے میںلوگوں کو باخبر رکھنے میں میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اَمن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی بالادستی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پولیس اور ضلعی اِنتظامیہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔جاوید رانا نے اَپنے خطاب کے اختتام پرلوگوںسے اتحاد، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور ضلع و قوم کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔اُنہوں نے کہا،’’آئیے ایک مضبوط، جامع اور خوشحال ہندوسان کی تعمیر کے اپنے عزم کی تجدید کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔‘‘وزیر موصوف نے مختلف شعبوں میں مثالی خدمات اور نمایاں کردار ادا کرنے والے افسران، اہلکاروں اور دیگر افراد کو بھی اعزاز سے نوازا۔










