سپیکر نے وانپورہ ، قاضی پورہ ، تکیہ حیات پورہ ،سرائے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا

سپیکر نے وانپورہ ، قاضی پورہ ، تکیہ حیات پورہ ،سرائے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا

وانپورہ لنک روڈز کا میکڈیمائزیشن شروع کیا ،پُلوں کی تعمیر کی جگہوں کا معائینہ کیا

چرارِ شریف//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے چرارِ شریف حلقہ انتخاب کے وانپورہ، قاضی پورہ، تکیہ حیات پورہ اور سرائے علاقوں کا وسیع دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کی ضروریات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران سپیکر موصوف نے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات کا دورہ کیا اور مقامی آبادی کی سہولیت کے لئے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سڑک رابطوں کو بہتر بنانے ، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور لوگوںکے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے پر خصوصی زور دیا۔دورے کی ایک بڑی خصوصیت وانپورہ کی رابطہ سڑکوں پر میکڈیمائزیشن کے کام کا آغاز تھا۔ اِس منصوبے سے موجودہ سڑکوں کی حالت میں نمایاں بہتری آنے، مقامی باشندوں کو زیادہ ہموار اور محفوظ رابطی فراہم کرنے اور ملحقہ علاقوں تک بہتر رَسائی ممکن ہونے کی توقع ہے۔ سپیکر نے میکڈیمائزیشن کے کام کے دوران معیاری کام کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ سڑکیںلوگوںکو دیرپا اور طویل المدتی فوائد فراہم کر سکیں۔ سپیکر عبدالرحیم راتھرنے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا جہاں پُلوں کی تعمیر کی تجویز دی گئی ہے اور ضروریات کا موقعہ پر جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مقامات کا معائینہ کیا اور متعلقہ اِنجینئروں اور مقامی نمائندوں کے ساتھ مجوزہ کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پُلوں کا بنیادی ڈھانچہ رابطہ سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے اِنتہائی اہم ہے بالخصوص ان علاقوں کے رہائشیوں کے لئے جو خراب موسمی حالات کے دوران مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ تکنہ ناگام ۔حیات پورہ۔دلوان سڑک پر پُل اور وانپورہ۔سرائے سڑک پر پُل بالترتیب 2 کروڑ روپے اور 80 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔سپیکر موصوف نے قاضی پورہ میں مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مطالبات سنے۔ لوگوں نے انہیں سڑکوں، رابطہ سہولیات اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تاکہ مناسب اور بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ قاضی پورہ میں مخدم محلہ اور دونی نار رابطہ سڑکوں پر جلد میکڈیمائزیشن کا کام شروع کیا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ قریبی تال میل برقرار رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ منظور شدہ ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔عبدالرحیم راتھر نے جاری منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جہاں کہیں بھی رکاوٹیں نظرآئیں ان کو دورکریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے عوامی کاموں کی عمل آوری میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ دیہی علاقوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے بہتر سڑک رابطہ اور مضبوط بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے۔ بہتر رابطہ نہ صرف لوگوں کی آواجاہی کو آسان بناتا ہے بلکہ تعلیمی اِداروں، صحت مراکز، بازاروں اور دیگر ضروری سہولیات تک رَسائی بھی بہتر بناتا ہے۔دورے کے دوران سپیکر موصوف نے کہا کہ مساوی ترقی کو یقینی بنانے اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
سپیکر نے حلقہ چرارِ شریف میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے اورسرکاری سکیموں کے ثمرات لوگوںتک نچلی سطح تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کے حوالے سے جوابدہ اور متحرک رہیں اور حلقہ اِنتخاب میں عوامی سہولیات کو بہتر اور اَپ گریڈ کرنے کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔یہ دورہ ترقیاتی کاموں کی زمینی سطح پر مسلسل نگرانی، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اورحلقہ چرارِ شریف کے لوگوں کی جائز ضروریات کو پورا کرنے پرمسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔