امریکی میزائل ذخائر کم ہونےکی خبروں سے ٹرمپ پریشان

امریکی میزائل ذخائر کم ہونےکی خبروں سے ٹرمپ پریشان

واشنگٹن/ایجنسیز//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکی فوج کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر سے متعلق حساس معلومات میڈیا تک پہنچنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔میڈیا نے امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہیکہ ٹرمپ نے پینٹاگون کے عسکری ذخائر سے متعلق معلومات کے افشا ہونے کے بعد نئی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکہ کے بعض اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکی میڈیا میں متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں امریکی فوج کے ماضی کے مقابلے میں کم ہوتے ہوئے جنگی ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ان رپورٹس میں خاص طور پر میزائلوں، فضائی دفاعی نظام اور دیگر اہم جنگی سازوسامان کی دستیابی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم امریکی انتظامیہ مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ امریکہ کے پاس ایران کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کیلئے مطلوبہ عسکری صلاحیت اور وسائل موجود ہیں۔