جموںوکشمیر نے مرکزی حکومت کی یو ایل ایل اے ایس سکیم کے تحت مکمل خواندگی کا سنگ میل حاصل کیا

سری نگر//جموں و کشمیر نے مرکزی حکومت کی یو ایل ایل اے ایس ( سماج میں سبھی کے لئے زِندگی بھر سیکھنے کو سمجھنا) سکیم کے تحت مکمل خواندہ نو ریاستوںاور یوٹیز کی فہرست میں شامل ہو کر ایک اہم اعزاز حاصل کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اس تاریخی کامیابی پر اَساتذہ، منتظمین اور تمام شراکت داروں کو دلی مُبارک باد پیش کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا،’’جموں و کشمیر کو مرکزی حکومت کی یو ایل ایل اے ایس سکیم کے تحت مکمل خواندہ ریاستوں اور یوٹیز کی صف میں شامل ہونے پر فخر ہے۔اِس سنگ میل کو 99.09 فیصد کامیابی کے ساتھ یہ حاصل کرنے والا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ بن کر اُبھرا ہے۔ اِس کامیابی کو ممکن بنانے والے ہمارے اَساتذہ، منتظمین اور تمام شراکت دار مُبارک باد کے مستحق ہیں۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ تعلیم بااِختیار بنانے کی سب سے بڑی قوت ہے اور اس مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذِمہ داری ہے۔‘‘اِس سکیم کے تحت شناخت کئے گئے 1,80,317 ناخواندہ اَفراد میں سے 1,78,680 اَفراد نے کامیابی حاصل کی جو 99.09 فیصد بنتی ہے۔کسی بھی ریاست یا یونین ٹیریٹری کو مکمل خواندہ قرار دینے کے لئے کم از کم 95 فیصد شرحِ خواندگی کا حصول لازمی معیار ہے کیوں کہ عمر رسیدگی اور ذہنی صلاحیتوں جیسے عوامل کی بنا پر صد فیصد خواندگی ممکن نہیں ۔رِیاستوں اور یوٹیزنے اِس ہدف کے حصول کے لئے اپنی حکمت عملی اور منصوبے تیار کئے اور اور مقررہ معیار کے مطابق بہترین طریقۂ کار اِختیار کئے۔اَب تک نو ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے ULLAS کے تحت خود کو مکمل طور پر خواندہ قرار دے چکے ہیں۔ یہ ہیں: لداخ، میزورم، گوا، تری پورہ، ہماچل پردیش، چندی گڑھ، انڈمان و نکوبار جزائر، سکم اور اتراکھنڈ۔ جموں کشمیر دسواں ہے۔اب تک نو ریاستوں اور یوٹیزیو ایل ایل اے ایس سکیم کے تحت خود کو مکمل خواندہ قرار دے چکے ہیں جن میں لداخ، میزورم، گوا، تری پورہ، ہماچل پردیش، چندی گڈھ، اِنڈمان و نکوبار جزائر، سکم اور اُتراکھنڈ شامل ہیں۔ جموں و کشمیر اس فہرست میں شامل ہونے والا دسواں ریاست/ یوٹی بن گیا ہے۔اَب تک اعلان کردہ ریاستوں/ یوٹیزمیں جموں کشمیر سب سے زیادہ آبادی والا خطہ ہے۔