ٹرافی کی نقاب کشائی کی اور جموںوکشمیر کو گالف سیاحت کا ایک اہم مقام بنانے کا عزم ظاہر کیا
سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کے خوبصورت رائیل سپرنگس گالف کورس (آر ایس جی سی) میں چار روزہ ٹورنامنٹ کا آغاز کرتے ہوئے جے اینڈ کے اوپن 2026 ڈِی پی ورلڈ پروفیشنل گالف ٹور آف اِنڈیا (پی جی ٹی آئی)کے پانچویں ایڈیشن کا اِفتتاح کیااور چمپئن شپ ٹرافی کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس تقریبات کا مقصد کشمیر میں ایک بڑے پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ کی واپسی کو اُجاگر کرنا ہے اور یہ حکومت کی جموں و کشمیر کو گالف ٹورازم کے لئے ایک ممتاز مقام کے طور پر پیش کرنے کی نئی توجہ کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعلیٰ نے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گالف سیاحت حکومت کی وسیع تر سیاحتی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عالمی معیار کے گالف کورسز موجود ہیں جن میں سری نگر، پہلگام اور گلمرگ کے علاوہ جموں کے سدھرا گالف کورس شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ جموں خطے میں ایک اور گالف کورس کو جدید بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر میں گالف سیاحت کے حوصلہ اَفزا آثار پہلے ہی ہی نظر آرہے ہیں جہاں سیاح صرف ویک اینڈ گالف کھیلنے کے لئے سری نگر آ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’اس سال گالف سیاحت کی باقاعدہ تشہیر کے بغیر بھی ہم نے دیکھا کہ لوگ جمعہ کو سری نگر پہنچتے ہیں، ہفتہ اور اتوار گالف کھیلتے ہیں اور اتوار کی شام یا پیر کی صبح واپس روانہ ہو جاتے ہیں۔ یہی وہ طرز کی سیاحت ہے جسے ہم فروغ دینا چاہتے ہیں۔‘‘وزیراعلیٰ نے جے اینڈ کے اوپن کو ایک تاریخی ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے کشمیر بالخصوص رائیل سپرنگس گالف کورس دوبارہ ہندوستان کے گالف نقشے پر نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس چمپئن شپ میںزائد اَز 100 پیشہ ور گالفر شرکت کر رہے ہیں جن میںزائد اَز 10 بین الاقوامی کھلاڑی بھی شامل ہیں جو جموں و کشمیر کی بڑھتی ہوئی کھیلوں کی اہمیت کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ ٹورنامنٹ ایک باقاعدہ فیچر بن جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جے اینڈ کے اوپن کو کم از کم اگلے پانچ برسوں کے لئے ایک سالانہ ا یونٹ منعقد کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آنے والے ایڈیشنوں میں انعامی رقم اور شرکت دونوں کو بتدریج بڑھانے کی کوششیں کی جائیں گی جس سے پیشہ ورانہ گولفنگ سرکٹ میں ٹورنامنٹ کے مقام کو مزید تقویت ملے گی۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اکی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے ٹورنامنٹس نوجوان گالفروں کو تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ حکومت کشمیر میں ایک گالف اکیڈمی قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ کم عمر باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کر کے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے قابل بنایا جا سکے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے کھلاڑیوں کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے نوجوانوں میں مختلف کھیلوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے کرکٹر عاقب نبی کے سری لنکا سیریز کے لئے بھارتی ٹیسٹ سکارڈ میں اِنتخاب اور مقامی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر اویس یعقوب کی بین الاقوامی کامیابیوں کو اس صلاحیت کی روشن مثال قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے کہا،’’ہمارے لڑکوں اور لڑکیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہیں صرف مواقع اور حوصلہ اَفزائی کی ضرورت ہے۔ ایسے مزید ٹورنامنٹس اور مقامی مقابلوں کے اِنعقاد سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا اور وہ اعلیٰ سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں گے۔‘‘اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما، سی اِی او پی جی ٹی آئی امن دیپ جوہل،سیکرٹری رائیل سپرنگس گالف کورس حارث احمد ہنڈو، ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر سیّد قمر سجاد سمیت دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










