جموں و کشمیر کی معدنی دولت، جموں و کشمیر کے عوام کے لئے ہے
سری نگر//جموں و کشمیر کی معدنی دولت کو معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پرجموں و کشمیر منرلز لمیٹڈ (جے کے ایم ایل) بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 176 ویں میٹنگ سول سیکرٹریٹ سری نگر میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی۔نائب وزیراعلیٰ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے کے ایم ایل جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی میں ایک اہم کردارہے اور اسے ایک مثالی، فعال اور مالی طور پر خود کفیل سرکاری ادارہ بننا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معدنی دولت جموںوکشمیر کے لوگوں کی ہے اور اس کا سائنسی بنیادوں پر مؤثر استعمال نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا بلکہ حکومتی آمدنی میں بھی اِضافہ کرے گا۔اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام جاری اور نئے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے ۔ اُنہوں نے معدنی وسائل کے بہترین اِستعمال، فعالیت میں شفافیت، اور کالاکوٹ کی کوئلہ کانوں میں اَفرادی قوت کی معقولیت کو جے کے ایم ایل کو منافع بخش بنانے کے کلیدی ستون قرار دیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے توسیعی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کھریو میں چونا پتھر کی کان، رام بن ضلع میں اضافی جپسم بلاکوں اور کھریوپلوامہ میں فیول پمپ کو فوری طور پر فعال بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے نہ صرف جے کے ایم ایل کی پیداواری صلاحیت میں اِضافہ ہوگا بلکہ جموں و کشمیر میں صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو بھی نمایاں فروغ ملے گا۔اُنہوں نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جے کے ایم ایل اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ نئے کان کنی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد فعال بنایا جائے تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔دورانِ میٹنگ بورڈ نے مختلف جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جامع جائزہ لیا اور معدنی پیداوار بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کی توسیع اور تمام کان کنی علاقوں میں دیرپا اور سائنسی کان کنی کے طریقوں کو فراِدارہ جاتی شکل دینے کی حکمت عملیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا۔بورڈ نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے، اِنتظامی شفافیت کو مضبوط کرنے اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعدد مالی اور اِنتظامی تجاویز کی بھی منظوری دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ کان کنی اشونی کمار، ڈائریکٹر جیالوجی اینڈ مائننگ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے منرلز لمیٹڈ اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔










