سکینہ اِیتو نے سری نگر میں ’ کیمبرج فونکس اینڈ ہینڈ رائٹنگ پروگرام ‘ کا اِفتتاح کیا

سکینہ اِیتو نے سری نگر میں ’ کیمبرج فونکس اینڈ ہینڈ رائٹنگ پروگرام ‘ کا اِفتتاح کیا

کہا، مضبوط بنیادی تعلیم ہی مستقبل کی نسلوں کی کامیابی کی ضامن ہے

سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے منعقدہ ایک تقریب میں ’کیمبرج فونکس اینڈ ہینڈ رائٹنگ پروگرام ‘کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے جموں و کشمیر میں بنیادی خواندگی کو مضبوط بنانے اور اِبتدائی بچپن کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرموصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی اِبتدائی عمر میں مضبوط تعلیمی بنیاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِبتدائی بچپن کی معیاری تعلیم طلبأ میں اعتماد، تخلیقی صلاحیتوں اور زِندگی بھر سیکھنے کے جذبے کو پروان چڑھانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جدید اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ تعلیمی پروگراموں کی عمل آوری سے کم عمر طلبأ میں زبان دانی، مطالعے کی صلاحیت اور خوش خطی کی مہارتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اُنہوں نے کہا ،’’اِس نوعیت کے اَقدامات حکومت کی جانب سے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے اور بچوں کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کی جاری کوششوں کی تکمیل کرتے ہیں۔‘‘وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جدید تدریسی طریقۂ کار کو فروغ دینے، بنیادی تعلیم کو مضبوط بنانے اور ایسا سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے جہاں ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رَسائی حاصل ہو۔ اُنہوں نے اَساتذہ اور تعلیمی اِداروں پر زور دیا کہ وہ طالب علموں پر مرکوز تدریسی انداز اَپنائیں جو بچوں میں تجسس، تنقیدی سوچ اور تعلیمی برتری کو فروغ دے۔اِفتتاحی تقریب میںممبر اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر، ممتاز ماہرین تعلیم، اَساتذہ، سکول منتظمین، والدین اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ شرکأ نے ’کیمبرج فونکس اینڈ ہینڈ رائٹنگ پروگرام‘ کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس یقین کا اِظہار کیا کہ یہ اَقدام جموں و کشمیر کے سکولی بچوں میں بنیادی خواندگی اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرے گا۔