جاوید رانا نے جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میںواٹر سپلائی سکیموں کی عمل آوری سے متعلق اہم اَمور پر غور وخوض کیا گیا۔ میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جل جیون مشن(جے جے ایم) اور ڈائریکٹر فائنانس جے جے ایم نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے فنڈز کی بروقت فراہمی میں رُکاوٹ بننے والی تمام اِنتظامی اور طریقۂ کار کی مشکلات کو دُور کرنے پر زور دیا تاکہ ترقیاتی کام بغیر کسی رُکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔وزیر جل شکتی جاوید رانا نے مالیاتی نظم و نسق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ فنڈز کی درجہ بندی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے اور منصوبہ وار فنڈز کی بروقت اِجرائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں پر کام آسانی سے جاری رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عمل آوری اِداروں کو بروقت فنڈز کی دستیابی کام کی رفتار برقرار رکھنے اور مشن کے اہداف حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے۔اُنہوںنے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ واٹر سپلائی کی تمام سکیموں کی آپریشنل چیک لسٹ کا جامع جائزہ لیا جائے تاکہ ان کی مناسب فعالیت اور عوام کو مسلسل خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر مکمل شدہ سکیم کو مکمل طور پرفعال رہناچاہیے تاکہ عوام کو صاف، محفوظ اور بلا تعطل پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔دوران میٹنگ میں سیکورٹی ڈیپازٹس کی واپسی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے جے ایم نے وزیر کو جانکاری دِی کہ مشن ڈائریکٹوریٹ کے پاس سیکورٹی ڈیپازٹس کی واپسی سے متعلق کوئی معاملہ زیر اِلتوأ نہیں ہے اور موصول ہونے والے ہر کیس پر کارروائی کی جارہی ہے اور اسے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق فوری طور پر نمٹا دیا گیا ہے۔جاوید رانا نے ہر گھر جل سرٹیفیکیشن مہم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ضلع اِنتظامیہ، عمل آوری ایجنسیوں اور گرام پنچایتوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے سرٹیفیکیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مقررہ تصدیقی طریقۂ کار کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ اہل دیہات کو بلاتاخیر سر ٹیفکیٹ جاری کئے جاسکیں۔اُنہوں نے پینے کے صاف پانی کی ہر شہری تک فراہمی کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ تمام جاری کاموں کی قریبی نگرانی برقرار رکھیں اور یونین ٹیریٹری بھر میں جل جیون مشن سکیموں کی بروقت تکمیل اور بہترین فعالیت کے لئے ہر سطح پر مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں۔