8,550 سرکاری اسکولوں میں انٹرنیٹ سہولت دستیاب

8,550 سرکاری اسکولوں میں انٹرنیٹ سہولت دستیاب

پارلیمنٹ میں یو ڈی آئی ایس ای پلس اعداد و شمار پیش، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ پر زور

سرینگر//مرکزی حکومت نے پیر کو لوک سبھا کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 24 ہزار 228 فعال اسکول ہیں، تاہم ان میں سے صرف 8 ہزار 550 اسکولوں میں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہے۔یو این ایس کے مطابقوزارتِ تعلیم نے لوک سبھا میں غیر ستارہ شدہ سوال کے تحریری جواب میں یو ڈی آئی ایس ای پلس 2025-26 کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 2 ہزار 783 اسکولوں میں اسمارٹ کلاس روم جبکہ 7 ہزار 981 اسکولوں میں کمپیوٹر کی سہولیات موجود ہیں، لیکن انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی صرف 8 ہزار 550 اسکولوں تک محدود ہے۔وزارت نے کہا کہ ملک بھر میں اسکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دینے کے لیے سمگر شکشا اسکیم کے تحت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ان کے سالانہ منصوبوں کی بنیاد پر آئی سی ٹی لیبز، اسمارٹ کلاس رومز اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔تحریری جواب کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران سمگر شکشا کے تحت آئی سی ٹی لیبز، اسمارٹ کلاس رومز اور ڈیجیٹل تعلیم سے متعلق سرگرمیوں کے لیے 3,221.1 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جن میں سے 2,714.1 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ 2018-19 سے ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے لیے منظور شدہ فنڈز میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔وزارت کے مطابق ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنے کے لیے پی ایم ای ودیا-کے تحت 200 ڈی ٹی ایچ ٹیلی ویڑن چینلز اور 400 ریڈیو چینلز کے ذریعے تعلیمی مواد فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ دِکشا – پلیٹ فارم طلبہ اور اساتذہ کو آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے ڈیجیٹل تعلیمی مواد اور کیو آر کوڈ والے نصابی کتب تک رسائی فراہم کرتا ہے۔مرکزی حکومت نے مزید بتایا کہ مرکزی بجٹ 2025 میں بھارت نیٹمنصوبے کے تحت دیہی علاقوں کے تمام سرکاری سیکنڈری اسکولوں کو مرحلہ وار براڈ بینڈ انٹرنیٹ سے جوڑنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزارت کے مطابق جموں و کشمیر میں ڈیجیٹل تدریس کی تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ کی تعداد 2020-21 میں 97 ہزار 141 رہی، جبکہ 2021-22 میں 84 ہزار 882، 2022-23 میں ایک ہزار 483، 2023-24 میں 401، 2024-25 میں 6 ہزار 443 اور 2025-26 میں 7 ہزار 890 اساتذہ کو اس حوالے سے تربیت فراہم کی گئی۔