بی آر اے وِی اِی سی ایف 107 میں تاریخی جیت پر مُبارک باد دِی
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے باصلاحیت مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر اویس یعقوب کو بلغاریہ میں منعقدہ بی آر اے وِی اِی سی ایف 107 میں اُن کی شاندار کامیابی پرمُبارک باد دِی جہاں اُنہوں نے غیر شکستہ دو مرتبہ کے آئی ایم ایم ا ے ایف ورلڈ چمپئن کو مہارت، عزم اور جرأت و ہمت کے شاندار مظاہرے کے ساتھ شکست دِی۔اُنہوںنے اس کامیابی کو جموں و کشمیر اور پورے ملک کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اویس یعقوب نے عالمی سطح پر اَپنی شاندار کارکردگی سے خطے کا نام روشن کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا،’’اویس یعقوب کو اِس شاندار کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ بی آر اے وِی اِی سی ایف 107 میں ایک ناقابلِ شکسٹ دو بار کے آئی ایم ایم ورلڈ چمپئن کو شکست دینا ایک غیر معمولی کارنامہ ہے جو اُن کی سخت محنت، لگن اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اویس یعقوب کی یہ کامیابی جموں و کشمیربھر کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوگی اور انہیں اَپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔وزیراعلیٰ نے نوجوان فائٹر کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اویس یعقوب آنے والے برسوں میں بھی جموں و کشمیر اور ملک کے لئے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔










