عوامی مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی
بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور ممبر اسمبلی حلقہ چرارِ شریف عبدالرحیم راتھرنے آج چرارِ شریف اسمبلی حلقہ کے بندرپورہ کریمشور میں ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر بندرپورہ اور ملحقہ دیہات کے باشندگان نے سڑک رابطہ، پینے کے صاف پانی، بجلی، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی شہری سہولیات سے متعلق مسائل اور مطالبات پیش کئے۔سپیکر موصوف نے تمام اَفراد کو بغور سُنا اور لوگوں کو یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر اُٹھایا جائے گا تاکہ انہیں جلد از جلد حل کیا جا سکے۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حد بندی کے عمل کے بعد حال ہی میں چرارِ شریف اسمبلی حلقہ میں شامل کئے گئے بندرپورہ اور کریمشور کے علاقوں کو خصوصی توجہ اور تیز رفتار ترقی کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا کہ ان علاقوں کو مناسب اِنفراسٹرکچر اور عوامی بہبود کے منصوبے ملیں گے۔عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ نئے شامل کئے گئے علاقوں میں ترقیاتی خلا کو پُرکرنے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’میں مسلسل کوشش کر رہا ہوں تاکہ ان علاقوں کو وہ توجہ اور ترقی ملے جس کے وہ مستحق ہیں۔ میرے حلقے کے لوگوںکی فلاح و بہبود میری اوّلین ترجیح ہے۔‘‘مقامی باشندوں نے سپیکرموصوف کے اس عوامی رسائی اَقدام کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ عوامی دربار میں اُٹھائے گئے مسائل کو مقررہ مدت میں حل کیا جائے گا۔










