ترقی یافتہ بھارت کے لیے نوجوانوں کو منشیات سے پاک رکھنا ناگزیر//وزیر اعظم نریندر مودی
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہر قسم کی منشیات سے دور رہنے کا عہد کریں، کیونکہ منشیات وقتی طور پر نشے کا احساس تو دیتی ہیں لیکن انسان کے مستقبل، کیریئر اور ذاتی زندگی کو مکمل طور پر تباہ کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند نوجوان ناگزیر ہیں، اس لیے منشیات کے خلاف جاری مہم کو ایک عوامی تحریک بنانا ہوگا۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے اتوار کو “نشہ مکت یووا فار وکست بھارت سنکلپ ابھیان” کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آج سے شروع ہونے والی یہ 100 ہفتوں پر مشتمل مہم نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے اور انہیں مثبت سماجی تبدیلی کا علمبردار بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا، “منشیات کچھ دیر کے لیے آپ کو نشہ دے سکتی ہیں، لیکن یہ آپ کے پورے کیریئر اور ذاتی زندگی کو پستی میں دھکیل دیتی ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جب ترقی یافتہ ملک بننے کا ہدف مقرر کیا ہے تو ضروری ہے کہ نوجوان جسمانی، ذہنی اور اخلاقی طور پر مضبوط رہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن ممالک بھی منشیات کی اسمگلنگ کو دہشت گردی کی حکمت عملی کے طور پر استعمال کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نوجوان ہی بھارت کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اس سازش کو سمجھتے ہوئے منشیات سے مکمل دوری اختیار کرنی چاہیے۔مودی نے منشیات کے عادی افراد کے بارے میں معاشرتی رویے میں تبدیلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ نشے کی لعنت سے باہر نکل آتے ہیں، وہ حقیقی معنوں میں بہادر اور لڑاکا ہوتے ہیں۔ ایسے افراد کو حقارت کی نظر سے نہیں بلکہ عزت و احترام سے دیکھنا چاہیے اور انہیں نئی زندگی شروع کرنے کا دوسرا موقع دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ثقافت یہ سبق دیتی ہے کہ معاشرے کی مدد، یوگا، مراقبے اور مثبت ماحول کے ذریعے منشیات کی لت سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق نشہ مکت یووا مہم صرف ایک فرد کا عزم نہیں بلکہ خاندان، معاشرے اور پورے ملک کا اجتماعی عہد ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والی یہ مہم آئندہ 100 ہفتوں تک ہر اتوار جاری رہے گی، جس کے تحت ملک بھر میں کھیلوں کے مقابلے، واکاتھون، یوگا اور مراقبے کے سیشن، ثقافتی پروگرام، بیداری مہم، نکڑ ناٹک، مباحثے، مصوری کے مقابلے اور عوامی رابطے کی مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ منشیات کے خلاف پیغام گھر گھر پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے 100 اتوار ایک منشیات سے پاک بھارت کی جانب 100 مضبوط قدم ثابت ہوں گے اور اجتماعی کوششوں سے وہ لوگ بھی حوصلہ پائیں گے جو تنہا اس لعنت سے نجات حاصل نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات صرف ایک فرد کی صحت کو نقصان نہیں پہنچاتیں بلکہ ایک ماں کی مسکراہٹ، باپ کے خواب، بہن کی امید اور چھوٹے بھائی کی عزت بھی چھین لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان روزانہ اس اذیت سے گزرتے ہیں جب وہ اپنے بچوں کو آہستہ آہستہ تباہ ہوتے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کے خلاف اس مہم میں نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ ان کے مطابق پہلے کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں اور ہزاروں کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اس ناسور کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے والدین سے بھی اپیل کی کہ اگر ان کے بچے منشیات کی لت کا شکار ہوں تو وہ سماجی بدنامی کے خوف سے اس حقیقت کو نہ چھپائیں بلکہ کھل کر ان سے بات کریں اور ماہرین و ڈاکٹروں سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج اور رہنمائی کے ذریعے انہیں معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے نوجوانان و کھیل منسکھ منڈاویا نے کہا کہ “نشہ مکت بھارت ابھیان” کا آغاز 2020 میں وزیر اعظم کے وڑن کے مطابق کیا گیا تھا، جبکہ “نشہ مکت یووا فار وکست بھارت سنکلپ ابھیان” اسی مہم کا توسیعی مرحلہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھتے ہوئے ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں ان کا کردار مضبوط بنانا ہے۔










