سری نگر// آئین ہند کے آرٹیکل 323(2) کی تعمیل میں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی ) نے لوک بھون سری نگر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کواپنی 67ویں سالانہ رِپورٹ برائے 2025-26 پیش کی۔کمیشن کے چیئرمین ارون کمار چودھری کی قیادت میں کمیشن کے اراکین ڈاکٹر راجیو سنگھ، آصف محمود ساگر اور سیکرٹری بشیر احمد ڈار پر مشتمل وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔اِس جامع رِپورٹ میں اہم اِنتظامی اِصلاحات، تقرریوں کے عمل میں تیزی اوریونین ٹیریٹری کے اہم اِنتظامی اور عدالتی کیڈرزمیں بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے تقرری کے پورے عمل میں شفافیت، میرٹ اور دیانت داری کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کمیشن کی تیز رفتار اور منصفانہ کارکردگی کو سراہا۔چیئرمین جے کے پی ایس سی ارون کمار چودھری نے کمیشن کی کارکردگی، شفافیت اور مؤثریت بڑھانے کے لئے اِختیار کی گئی اِنتظامی اور تکنیکی اِصلاحات سے بھی لیفٹیننٹ گورنر کو آگاہ کیا۔رِپورٹ میں کمیشن کی مجموعی کارکردگی، آئینی دفعات، کی گئی تقرریاں، محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کی میٹنگوں ، ترقی اور مختلف محکموں کے منظور شدہ بھرتی قواعد کی تفصیلات شامل ہیں۔پبلک سروس کمیشن نے سال 2025-26 میں سپرد کئے گئے 1,263 اَسامیوں میں سے 1,152 پر تقرریاں عمل میں لائیں۔ اِن میں جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹیوسروس، جموں و کشمیر پولیس سروس، جموں و کشمیر اکاؤنٹس سروس، ماتحت عدلیہ میں 39 جونیئر ججوں کی تقرری، مختلف میڈیکل کالجوں، ڈِگری کالجوں اور دیگر محکموں میں گزیٹیڈ سطح کی اَسامیوں پر بھرتیاں شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ مختلف میڈیکل کالجوں، ڈِگری کالجوں اور دیگر محکموں کی گزییٹڈ سطح کی اَسامیاں بھی پُرکی گئیں۔ اِسی طرح کمیشن نے (29) ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میٹنگیں منعقد کیں اور (508) اَفسران کی ترقی کی منظوری دی۔کمیشن نے قواعد سازی کے شعبے میں دو محکموں کے بھرتی قواعد کی منظوری دی۔
سالانہ رپورٹ 2025-26 کے اہم نکات
•…1,263 اَسامیوں کے لئے 94,546 درخواستیں موصول ہوئیں۔
•…کمیشن نے 52 تحریری ٹیسٹ/ اِبتدائی امتحان اور 2 مینز اِمتحان کا انعقاد کیا۔
•…1,152 اُمیدواروں کا اِنتخاب عمل میں لایا گیاجن میں جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹیو، پولیس اور اکاؤنٹس سروس، جونیئر ججز اور پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
•…29 محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کی میٹنگ منعقد کئے گئے اور 508 افسران کی ترقی کی منظوری دی گئی۔
•…کمیشن نے3 محکمانہ اِمتحانات کا اِنعقاد کیا اور 813 اُمیدوار ان اِمتحانات میں شریک ہوئے ۔
•…دو محکموں کے بھرتی قواعد کو منظوری دی گئی۔
•…کمیشن نے بھرتیوں میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کے لئے صد فیصد تحریری امتحان پر مبنی تقرری نظام اِختیار کیا۔
•…اِمتحانی پرچوں کی غلطیوں سے پاک جانچ اور تقرری کے عمل میں تاخیر ختم کرنے کے لئے آن سکرین ایویلیوایشن سسٹم نافذ کیا گیا۔
•…کمیشن نے اُمیدواروں کو اِمتحانات اور اِنٹرویو سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے ایس ایم ایس نظام متعارف کیا ہے ۔










