نائب وزیراعلیٰ نے کٹھوعہ میں صنعتی ترقی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

نائب وزیراعلیٰ نے کٹھوعہ میں صنعتی ترقی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

باقی ماندہ بھگ تھلی کے زیرِ اِلتوأپروجیکٹوں کیلئے اکتوبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر ، مقامی روزگار او رصنعتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر زور

کٹھوعہ//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے ضلع کٹھوعہ کے بھگ تھلی اِنڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا اوراُنہوں نے وہاں جاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیلاب سے بچائو کے کاموں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران آئی آر سی او این کی طرف سے تقریباً 60 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوںجن میں صنعتی بنیادی ڈھانچہ، شہری سہولیات اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں، میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے تاخیر پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ 2025 کی مقررہ تکمیلی مدت پر عمل نہ کرنے پر عمل درآمد کرنے والی ایجنسی کو نوٹس جاری کئے جائیں۔ اُنہوں نے اَب تک کئے گئے کاموں کی تھرڈ پارٹی جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی اور تمام زیر اِلتوأکاموں کی تکمیل کے لئے اکتوبر 2026 کی آخری تاریخ مقرر کی۔اُنہوںنے بھگ تھلی اِنڈسٹریل اسٹیٹ میں میسرز کنادھاری بیوریجز اورمیسرز چری پال پولی فلمز لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں صنعتی یونٹوںکے کام کاج کا جائزہ لیا اور اِنتظامیہ سے بنیادی ڈھانچے، صنعتی سہولیات اور دیگر مسائل سے متعلق رائے حاصل کرنے کے لئے بات چیت کی۔سریندر کما رچودھری نے مقامی روزگارکے منظر نامے کا جائزہ لیتے ہوئے صنعتی اِداروں پر زور دیا کہ وہ ہنرمندی کی تربیت اور روزگار فراہم کرنے والے کیمپوں کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہنرمند اور غیر ہنرمند اَفرادی قوت کی ضروریات کی نشاندہی میں مقامی منتخب نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مستحق نوجوانوں تک روزگار کے مواقع پہنچ سکیں۔بعد میں اُنہوںنے ضلع میں اِنڈسٹریل اسٹیٹس کے کام کاج اور ضلع میں مختلف ترقیاتی و بحالی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کٹھوعہ میں مجموعی طور پر 14 صنعتی اسٹیٹس قائم ہیں۔حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ 48 متاثرہ پی ڈبلیو ڈی سڑکوں میں سے 46 پر عارضی آمدورفت بحال کر دی گئی ہے جن میں پرانی کٹھوعہ۔سانبہ روڈ بھی شامل ہے۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئروںکو ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے تمام باقی ماندہ سڑکوں پر رابطے کی بحالی کو یقینی بنائیں اور ترجیحی بنیاد پر مستقل بحالی کے لئے تجاویز پیش کریں۔محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے تحت بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ 15 میں سے 11 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی منصوبوں پر کام جاری ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ صنعتی اسٹیٹس کے کام کاج کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور صنعتی بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے سے متعلق مسائل پر حکومت کو جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ اُنہوں نے صنعتی انجمنوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی تال میل پر زور دیا۔اُنہوں نے پولوشن کنٹرول کمیٹی، محکمہ کان کنی اور محکمہ جنگلات کے اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام قانونی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
سریندر کمار چودھری نے کان کنی کے معاملے پر کہا کہ دریائے راوی کے بہاؤ کو سائنسی بنیادوں پر بہتر بنانے کے لئے مخصوص مقامات سے ضابطے کے تحت معدنی مواد نکالا جانا چاہیے تاکہ دریا کا قدرتی بہاؤ برقرار رہے اور شدید بارشوں و سیلاب کے دوران کٹاؤ کے خطرات کم ہوں۔اُنہوں نے جوائنٹ ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہدایت دی کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے اَقدامات پر مؤثر عمل درآمد اور صنعتی اِداروں میں لیبر قوانین و لیبر کوڈز کی مقررہ مدت میں مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔نائب وزیر نے مشن یووا کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے سکولوں اور کالجوں میں وسیع پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ طلبأ کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنرمندی کی تربیت کی جانب راغب کیا جا سکے۔ اُنہوں نے پولی تکنیک اِداروں کو بھی ہدایت دی کہ ُدور دراز علاقوں میں رَسائی پروگرام منعقد کر کے مقامی صلاحیتوں کی نشاندہی اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔