لیفٹیننٹ گورنر نے سکمز ہسپتال کا دورہ کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے سکمز ہسپتال کا دورہ کیا

گنی ون گاندربل میں پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی عیادت اورخیریت و عافیت دریافت کی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سرینگر کے سکمز ہسپتال کا دورہ کیا اور آج صبح گنی ون گاندربل میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی عیادت اور خیریت وعافیت دریافت کی۔اُنہوں نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی یاتریوں سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعا کی۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمی یاتریوں کو فراہم کئے جا رہے علاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو اعلیٰ ترین معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اُنہوں نے سینئر حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ یاتریوں کو ہر ممکن اِمداد اور ذاتی نگہداشت فراہم کی جائے اور ان کی صحتیابی کے بعد ان کی آبائی مقامات کو محفوظ واپسی کے اِنتظامات کو ترجیح دی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ ایکس ‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا،’’آج میں نے سکمزسری نگر کا دورہ کیا تاکہ گنی ون گاندربل میں پیش آئے افسوسناک سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی عیادت اور خیریت و عافیت دریافت کر سکوں۔ بابا امرناتھ جی کے آشیرواد سے آج صبح ہسپتال میں داخل تمام 39 یاتریوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ علاج پر بہتر ردِّعمل ظاہر کر رہے ہیں۔ میں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو زخمیوں کو اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سینئر حکام کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ یاتریوں کو ہر ممکن اِمداد اور ذاتی نگہداشت فراہم کی جائے اور صحتیابی کے بعد ان کی محفوظ واپسی کے اِنتظامات کو ترجیح دی جائے۔‘‘