3,823 یاتریوں کا نیا قافلہ جموں سے بالہ تل روانہ

3,823 یاتریوں کا نیا قافلہ جموں سے بالہ تل روانہ

پہلگام راستہ بدستور بند، اب تک 4.15 لاکھ یاتریوں کی حاضری

سرینگر// امرناتھ یاترا کے تحت پیر کو 3,823 عقیدت مندوں پر مشتمل بارہواں قافلہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جنوبی کشمیر میں واقع مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ ہوا۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق روانہ ہونے والے قافلے میں 2,966 مرد، 855 خواتین اور دو بچے شامل ہیں، جنہیں 140 گاڑیوں کے ذریعے بالتل بیس کیمپ کی طرف بھیجا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی جموں بیس کیمپ سے اب تک روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 1,27,326 ہو گئی ہے۔حکام نے کہا کہ مسلسل مرمتی کام کے باعث پہلگام راستے پر یاترا بدستور معطل ہے، اس لیے پیر کو کسی بھی یاتری کو اس روٹ سے روانہ نہیں کیا گیا اور تمام عقیدت مندوں کو بالتل راستے سے بھیجا گیا۔ادھر یکم جولائی کو شروع ہونے والی 57 روزہ شری امرناتھ یاترا کے دوران اب تک 4.15 لاکھ سے زائد عقیدت مند مقدس برفانی شِولنگ کے درشن کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ امسال شری امرناتھ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔