کارپوریشن کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا
سر ی نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں جموں و کشمیر ہارٹی کلچرل پروڈیوس، مارکیٹنگ اینڈ پروسسنگ کارپوریشن (جے کے ایچ پی ایم سی)کی 45ویں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار ڈاکٹر آشیش چندر ورما، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی محمد فاروق ڈار، کارپوریشن کے شیئر ہولڈروں، بورڈ آف ڈائریکرزکے ممبران اور جے کے ایچ پی ایم سی کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میںمنیجنگ ڈائریکٹر نے ایک تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی جس میں کارپوریشن کی کارکردگی، اہم کامیابیوں، مالیاتی صورتحال اور جائزہ میٹنگ کے دوران اُٹھائے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ اُنہوں نے میٹنگ کو قانونی آڈِٹ کی موجودہ صورتحال، آڈِٹ شدہ کھاتوں کے زیر اِلتوأ معاملات کو نمٹانے میں ہونے والی پیش رفت اور مقررہ مدت کے اندر باقی آڈِٹ عمل کو مکمل کرنے کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔میٹنگ میں مختلف امور بشمول کارپوریشن کے مالیاتی اِنتظام، اپریشنل کارکردگی، کیپکس اور نبارڈ کے تحت جاری منصوبوںکی عمل آور، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مارکیٹنگ اَقدامات اور جموں و کشمیر میں باغبانی کے شعبے کی معاونت میں کارپوریشن کے کردار کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔سالانہ جنرل میٹنگ نے متفقہ طور پر کارپوریشن کے مالی سال 2019-20 سے 2023-24 کے آڈِٹ شدہ کھاتوں کو منظور کیا۔وزیر جاوید احمد ڈار نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے باغبانی کی ویلیو چین کو مضبوط بنانے اور کاشتکاروں کے لئے بہتر مارکیٹنگ مواقع فراہم کرنے میں جے کے ایچ پی ایم سی کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ کارپوریشن کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے، فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے اور دیرپا ترقی کے لئے مستقبل پر مبنی حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے سال میں دو مرتبہ جائزہ میٹنگ منعقد کئے جائیں۔اُنہوں نے زرعی اور باغبانی مصنوعات کی مارکیٹنگ، پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں توسیع اور اِختراع کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا تاکہ کسانوں کوان کی پیداوار کا بہتر منافع مل سکے۔اُنہوںنے کارپوریشن پر زور دیا کہ وہ نتیجہ پر مبنی نقطہ نظر اَپنائے اور اَپنی سرگرمیوں کو کسان کمیونٹی کی اُبھرتی ہوئی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔وزیرموصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ کارپوریشن کے تمام اثاثوں کا جامع جائزہ لیں اور ان کی مناسب دیکھ ریکھ ، مؤثر نگرانی اور بہترین اِستعمال کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اثاثہ جات کا مؤثر اِنتظام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کارپوریشن کی آپریشنل صلاحیت اور مالیاتی استحکام میں نمایاں اِضافہ کرے گی۔اُنہوں نے زرعی اور باغبانی شعبوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جے کے ایچ پی ایم سی فصل کی کٹائی کے بعد کے ا ِنتظام ،ویلیو ایڈیشن، مارکیٹس سے روابط اور پروسسنگ کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے جس سے کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ اور جموں و کشمیر میں دیہی معیشت کی دیرپاترقی میں مدد ملتی ہے۔










