سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ڈِگری کالج وومن زکورہ سری نگر کا دورہ کیا

سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ڈِگری کالج وومن زکورہ سری نگر کا دورہ کیا

کالج کیلئے 529 لاکھ روپے کی لاگت سے نئے اکیڈمک و لائبریری بلاک کا اعلان

سر ی نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ ڈِگری کالج وومن زکورہ، سری نگر کے لئے تقریباً 529لاکھ روپے کی لاگت سے نئے اکیڈمک و لائبریری بلاک کی تعمیر کا اعلان کیا۔اُنہوںنے یہ اعلان آج گورنمنٹ ڈِگری کالج وومن زکورہ کے دورے کے دوران کیا۔اِس موقعہ پروزیر موصوفہ کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر (ڈاکٹر) شیخ اعجاز بشیر، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔دورے کے دوران وزیرتعلیم نے کالج کی تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کا جائزہ لیا اور کالج اِنتظامیہ کے ساتھ ادارے کی مستقبل کی ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ منظور شدہ نیا اکیڈمک و لائبریری بلاک کالج کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا، طالب علموں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرے گا اور ان کی بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔سکینہ اِیتو نے کالج کے مختلف شعبوں کے طالب علموںسے بات چیت کرتے ہوئے انہیں لگن، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے طلبأ پر زور دیا کہ وہ اِختراع کو اَپنائیں، اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور معاشرے و ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے طلبأ کی اُمنگوں اور تجاویز کو بھی بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ حکومت معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ عصر حاضر کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل مستقبل پر سرمایہ کاری ہے اور یہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ممبر اسمبلی حضرت بل سلمان علی ساگر نے معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے کالج اِنتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ نیا اکیڈمک و لائبریری بلاک ادارے کے تعلیمی ماحول کو مزید مضبوط بنائے گا۔ڈائریکٹر کالجز پروفیسر (ڈاکٹر) شیخ اعجاز بشیر نے بھی تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں مسلسل بہتربنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کالج کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔کالج کی پرنسپل، اَساتذہ اور عملے نے نئے اکیڈمک و لائبریری بلاک کی منظوری اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی کی خاطر مسلسل تعاون کے لئے وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی عمارت تدریسی و تعلیمی ماحول کو بہت بہتر بنائے گی اور طلبا ٔاس سے مستفید ہوں گے۔