ٹورنٹو/ایجنسیز// کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں 23 سالہ ہندوستانی خاتون دمن پریت کور کو مبینہ طور پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ کے 22 سالہ ساتھی رتیش کمار کو قتل کے الزام میں گرفتار کر کے اس پر سیکنڈ ڈگری کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دمن پریت کور ہندوستانی ریاست پنجاب میں سمرالہ کی رہائشی تھیں۔ ایڈمنٹن پولیس کے مطابق 9 جولائی کی شام سلور بیری کے علاقہ میں واقع ایک گھر سے زخمی اور بے ہوش خاتون کے ملنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک مرد کو حراست میں لے لیا جبکہ خاتون کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ خاتون 12 جولائی کو دورانِ علاج دم توڑ گئی، بعد ازاں 14 جولائی کو طبی معائنہ کے بعد موت کو قتل قرار دے دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ثابت ہوا ہے کہ دمن پریت کور کی موت گلا گھوٹنے کے باعث ہوئی تھی۔










