لیفٹیننٹ گونر نے اننت ناگ میں ہربہ فیسٹول سے خطاب کیا

لیفٹیننٹ گونر نے اننت ناگ میں ہربہ فیسٹول سے خطاب کیا

حقیقی عبادت اِنسانیت کی خدمت ، باہمی احترام اور بے لوث محبت میں ظاہر ہوتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر

سر ی نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اننت ناگ میں منعقدہ ہربہ میلہ میں شرکت کی اور ماتا سدھ لکشمی کے یہاں حاضری دے کر عقیدت کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے سالانہ ہووَن میں شرکت کرنے والے تمام عقیدت مندوںکو بھی مُبارک باد دِی۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہربہ میلہ عقیدت، شکرگزاری اور روحانی احساس کا ایک گہرا اور بابرکت موقعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اننت ناگ میں تیرتھ راج لوک بھون اَپنی پُرسکون اور روحانی ماحول کے ساتھ ہندوستان کی اَبدی روحانی روایت کی زندہ مثال ہے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا، ’’یہاں کا ہر پتھر، ہر چشمہ اور ہر سانس ہماری سناتن تہذیب اور روحانی ورثے کے اس لازوال شعور کی عکاسی کرتا ہے جس نے صدیوں سے اِنسانیت کو سچائی، ہمدردی اور دھرم کے راستے پر گامزن کیا ہے۔‘‘اُنہوں نے مندر کی تاریخی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کلہن کی راج ترنگنی میں اس مقام کا قدیم نام لوک پونیا درج ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سالانہ ہووَن اور پرچم کشائی کی تقریب عقیدت، خدمت، قربانی، صبر اور سماجی ہم آہنگی کے جذبے کو نئی زِندگی بخش رہی ہے۔
منوج سِنہا نے جدید دور کے چیلنجوںکا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے دُنیا کو ایک دوسرے کے قریب لایا ہے،وہیں یہ بڑھتی ہوئی تنہائی اور تقسیم کا باعث بھی ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ روحانی اَقدار کو معاشرے کی بنیاد بنائے رکھنا ضروری ہے اور اتحاد، ہمدردی اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’ہربہ فیسٹول ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ حقیقی عبادت اِنسانیت کی خدمت، باہمی احترام اور بے لوث محبت کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ایک پُرامن اور خوشحال معاشرے کے لئے اَپنا ویژن بھی پیش کیا اور لوگوں سے تین اہم اپیلیں بھی کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اعتماد اور خوشحالی پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لئے روحانی اَقدارکو اِنفرادی اور اِدارہ جاتی طرزِ عمل کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کی تیز رفتار زِندگی میں جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی اور روحانی صحت کو بھی یکساں اہمیت دی جانی چاہیے اور نوجوانوں میں بے لوث خدمت، قومی وابستگی اور ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیاکہ وہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور روحانی اَقدار سے بھی جُڑے رہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’حقیقی علم عاجزی سے حاصل ہوتا ہے اور جب اس کی طاقت دوسروں کی خدمت میں استعمال کی جائے تو وہ مقدس بن جاتی ہے۔‘‘اِس موقعہ پر پدم شری برج لال بھٹ، سوامی شری رام چرن اراویندا داس ڈائریکٹر پروجیکٹس آئی ایس کے سی او این،ڈِی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید اقبال متو،ایس ایس پی اننت ناگ امود اشوک ناگپورے ،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ،صدر آل مائنارٹی ایمپلائزیشن ایسو سیایشن کشمیر سنجے کول، پولیس اور سول اَنتظامیہ کے سینئر افسران، تیرتھ راج سدھ لکشمی پیٹھ ٹرسٹ کے اراکین، ممتاز شہری اور بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔