جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ائر پورٹ پر راج ناتھ سنگھ کیا استقبال

بادامی باغ فوجی ہیڈ کواٹر کا دورہ،اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ بھی متوقع

سرینگر// بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کرگل وجے دیوس کی 27ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہفتہ کو دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر اور لداخ پہنچ گئے۔ وہ ہفتہ کی صبح سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کا خیرمقدم کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی وزیر دفاع کے استقبال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی آمد کا خیرمقدم کیا۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام کے مطابق راج ناتھ سنگھ اپنے دورے کے دوران لداخ کے دراس سیکٹر جائیں گے، جہاں وہ 26 جولائی کوکرگل وار میموریل میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے 1999 کی کرگل جنگ کے مہلوکین کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر وہ یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور تقریب سے خطاب بھی متوقع ہے۔حکام نے بتایا کہ وزیر دفاع کو ہفتہ کے روز ہیلی کاپٹر کے ذریعے دراس پہنچنا تھا، تاہم خراب موسم اور کم حدِ نگاہ کے باعث پرواز ممکن نہ ہو سکی، جس کے بعد وہ سڑک کے راستے دراس روانہ ہوئے۔ گزشتہ کئی روز سے جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث فضائی اور زمینی نقل و حمل بھی متاثر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع سرینگر میں 15 کور ہیڈکوارٹر، بادامی باغ کا بھی دورہ کر سکتے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ فوجی حکام کے ساتھ وادی کشمیر اور جموں خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر تازہ صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی علاقوں کی سیکورٹی، امرناتھ یاترا کے حفاظتی انتظامات اور مجموعی سیکورٹی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔اس سال کی تقریبات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ حالیہ مہینوں میں سرحدی علاقوں میں سیکورٹی چیلنجز، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں اور امرناتھ یاترا کے دوران غیر معمولی حفاظتی انتظامات نے دفاعی تیاریوں کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر دفاع کو فوجی قیادت کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور سرحدی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جا سکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق رگل وجے دیوس کی دو روزہ تقریبات کا آغاز ہفتہ سے دراس میں ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی تقریب اتوار، 26 جولائی کو منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں بھارتی فوج کے سربراہ جنرل دھیراج سیٹھ بھی شرکت کریں گے، جنہوں نے 30 جون 2026 کو چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔ آرمی چیف کے دورہ لداخ کے دوران مشرقی لداخ میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کا بھی امکان ہے۔تقریبات میں شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما، 14 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل مدن راج پانڈے، لداخ کی سول و فوجی قیادت، کارگل خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے نمائندے، سابق فوجی، کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں مقامی شہری شریک ہوں گے۔کرگل وجے دیوس ہر سال 26 جولائی کو 1999 کی کرگل جنگ میں بھارتی فوج کی کامیابی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ تقریباً 85 روز تک جاری رہنے والی اس جنگ کے دوران بھارتی افواج نے آپریشن وجے کے تحت کرگل، دراس، بٹالک اور دیگر اہم چوٹیوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا تھا۔ اس جنگ میں بھارتی مسلح افواج کے 527 اہلکار ہلاک ہوئے تھے، جن کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہر سال دراس وار میموریل میں مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔کرگل وجے دیوس کی تقریبات کے پیش نظر دراس، کارگل، سرینگر اور قومی شاہراہ کے حساس مقامات پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس، لداخ پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ادارے مشترکہ طور پر تعینات ہیں تاکہ تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔