جاوید رانا کا سیلاب سے متاثرہ پیر پنجال علاقوں کا تفصیلی دورہ

جاوید رانا کا سیلاب سے متاثرہ پیر پنجال علاقوں کا تفصیلی دورہ

کہا، عمر عبداللہ حکومت ہرمتاثرہ کنبے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے

پونچھ//وزیربرائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے اپنے دورے کو جاری رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز سرنکوٹ کے دھارا سنگلہ کا دورہ کیا اور حالیہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کی ۔یہ دورہ وزیر موصوف کے گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ پیرپنجال خطے کے وسیع دورے کا حصہ تھا جس کا مقصد زمینی صورتحال کا جائزہ لینا، اِمدادی اور بحالی کے کاموں کا معائینہ کرنا اور متاثرہ آبادی کو بروقت اِمداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔اُنہوں نے دھارا سنگلہ میں جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے تعزیت کا اِظہار کیاجنہوں نے اَپنے پیاروں کو کھودیا اور انہیں یقین دِلایا کہ حکومت دُکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔اِس موقعہ پر وزیرکے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی سرنکوٹ چودھری محمد اکرم اور مختلف محکموں کے اَفسران بھی تھے ۔وزیر موصوف نے کہا،’’حکومت اس سانحے سے متاثرہ ہر کنبے کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں آپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے اور فوری اِمداد، بازآبادکاری میں معاونت اور معاوضے سمیت ہر ممکن بروقت تعاون کو یقینی بنائیں گے تاکہ آپ اَپنی زِندگی کو دوبارہ بحال کرسکیں۔اُنہوں نے مقامی باشندوں سے کہاکہ حکومت صورتحال پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے اور معمولاتِ زندگی کو جلد از جلد بحال کرنے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔وزیرجاوید رانا نے اپنے جاری دورے کے دوران سب سے زیادہ متاثرہ دیہاتوںاور دُور دراز بستیوں کا دورہ کیا، متاثرہ کنبوںسے بات چیت کی اور مکانات، سڑکوں، پینے کے پانی کی سکیموں، آبپاشی کی سہولیات اور زرعی اراضی کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری اِمدادی اور بحالی کے کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے ضروری عوامی خدمات کی بحالی کا جائزہ لیتے ہوئے زور دیا کہ اِمدادی عمل عوامی ضروریات کے مطابق اور مؤثر ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ نقصانات کے حقیقی معاملات کا فوری جائزہ لیا جائے اور اہل کنبوں کو بلا تاخیر اِمداد اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔
وزیر موصوف نے حساس علاقوں میں طویل المدتی آفاتِ سماوی سے نمٹنے کی منصوبہ بندی اور تیاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ مقامات کی نشاندہی کر کے مستقل حفاظتی اَقدامات کے لئے جامع منصوبے تیار کئے جائیں تاکہ اِنسانی جانوں، اِملاک اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک صورتحال پر قریبی نظر رکھنا جاری رکھے گی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ متاثرہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لئے خراب سڑکوں، واٹر سپلائی سکیموں، بجلی کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر عوامی سہولیات کو جنگی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔