سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے سول سیکرٹریٹ سری نگر میں عوامی شکایات کے ازالے کا ایک پروگرام منعقد کیا جس میں اُنہوں نے وادی کشمیر کے مختلف اَضلاع سے آئے متعدد وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور اُن کی شکایات ، مسائل اور ترقیاتی مطالبات کو بغور سُنا۔کپواڑہ، بارہمولہ، سوپور اورصوبہ کشمیر کے دیگر اضلاع کی نمائندگی کرنے والے وفود نے عوامی بنیادی ڈھانچے، دیہی ترقیات، زراعت، شہری سہولیات، روزگار، سماجی بہبود اور عوامی اہمیت کے دیگر معاملات سے متعلق مختلف مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔وزیر جاوید ڈار نے ہر وفد کوبغور سننے کے بعدحکومت کے جوابدہ، شفاف اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے وفودکو یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مطالبات کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا اور انہیں مقررہ کے اندر ان کا اَزالہ کیا جائے گا۔اُنہوںنے متعدد شکایات کے فوری اَزالے کے لئے متعلقہ افسران کو موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں اور انہیں ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھنے کی ہدایت دی تاکہ عوامی مسائل کو تیزی سے نمٹایا جا سکے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت نچلی سطح پرلوگوںکے مسائل حل کرکے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے اَپنے عزم پر قائم ہے۔وزیر زرعی پیداوار جاویداحمد ڈار نے کہا کہ اس نوعیت کے عوامی سماعتی پروگرام لوگوں کی اُمنگوں، ضروریات اور مشکلات کو سمجھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں اور حکومت کو بروقت اور نتیجہ خیز اَقدامات وضع کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومتی سکیموں اور ترقیاتی اَقدامات کے ثمرات بلا تاخیر معاشرے کے مستحق طبقات تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔










