لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر اَفسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر اَفسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

جاری شری امرناتھ جی یاترا کیلئے لاجسٹک ، حفاظتی اور موسمی ردِّعمل کے اِنتظامات کا جامع جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج فوج، جموں و کشمیر پولیس، سول اِنتظامیہ، سی اے پی ایف اور اہم سکیورٹی ایجنسیوں کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اُنہوں نے اَفسران کوہائی الرٹ رہنے ، اِنٹلی جنس پر مبنی اِنسدادِ دہشت گردی آپریشنز بڑھانے اور اُبھرتے ہوئے سیکورٹی خطرات کو بروقت اور مؤثر انداز میں ختم کرنے کی ہدایت دِی۔ میٹنگ میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات ،سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، جی او سی 15 کور لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، جی او سی 16 کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اِنٹلی جنس بیورو پنکج ٹھاکر، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈِی نتیش کمار صوبائی کمشنروں، ضلع ترقیاتی کمشنروں، آئی جی پیز، سول اِنتظامیہ، پولیس، فوج، سکیورٹی فورسز، اِنٹلی جنس ایجنسیوں اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے حالیہ خراب موسمی صورتحال اور خطے میں شدید بارشوں کے پیش نظر جاری شری امرناتھ جی یاترا کے لاجسٹک، حفاظتی اِنتظامات اور دیگر سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے بابا برفانی کے تمام یاتریوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور سہولیت کو یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام محکموں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی محکمہ وار جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، بجلی کے نظام اور پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کا سخت آڈِٹ کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے بتایا کہ یاترا کے پہلے 20 دنوں کے دوران,91,000 3 لاکھ سے زائد یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یاترا کی بحالی کا فیصلہ مکمل طور پر موسمی حالات کے مطابق کیا جائے گا۔اُنہوںنے حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور یاتراکے راستوںکے ساتھ تمام نالوں سے فوری طور پر ملبہ ہٹانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ چوبیس گھنٹے آفات سے نمٹنے کی تیاری برقرار رکھی جائے، یاترا کے راستوں کو صاف رکھا جائے، صفائی و ستھرائی کے اِنتظامات مؤثر ہوںجبکہ راشن، رسوئی گیس، تیل خاکی اور ایمرجنسی طبی سامان کا وافر ذخیرہ ہر وقت دستیاب رہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایت دی کہ یاترا کے راستے پر غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کرنے والوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور صد فیصد پری پیڈ سروس سسٹم کو نافذ کیا جائے۔اُنہوں نے اِضافی پاور ڈی جی سیٹس، چوبیس گھنٹے طبی خدمات، مطلوبہ اَفرادی قوت، آکسیجن سلنڈروں اور ایمبولینسوں کی مناسب دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ممکنہ ایمرجنسی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لئے ٹریفک کے مؤثر اِنتظام، گاڑیوں کی باقاعدہ جانچ، تمام آلات کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور بروقت موسمی انتباہات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر خیمے میں لازمی طور پر آگ بجھانے والا آلہ موجود ہو اور یاترا کے راستوں پر وائلڈ لائف سے متعلق خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں۔اُنہوں نے شری امرناتھ جی کی پوتر یاترا کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لئے جموں و کشمیر پولیس، اِنڈین آرمی، سول اِنتظامیہ، سیکورٹی فورسز، شرائین بورڈ، سروس فراہم کنندگان، رضاکاروں، شراکت داروں اور شہریوں کی محنت اور لگن کو بھی سراہا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ بجلی اشونی کمار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) انیل کمار سنگھ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما، کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈ/سی ڈی اینڈ ایس ڈی آر ایف اے جی میر، پہلگام محور کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، بال تل محور کے نوڈل آفیسرراہل یادو، مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں اور دیگر سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔