نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ میںسیلاب کے بعد بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ میںسیلاب کے بعد بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

فوری بحالی اور طویل مدتی تخفیفی اَقدامات پرزور

راجوری//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے نوشہرہ میں ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں حالیہ سیلاب کے بعد جاری بحالی کے کاموں اور ایمرجنسی اِمدادی اَقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور اِمدادی کاررِوائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ ضروری عوامی خدمات کی جلد بحالی اور متاثرہ آبادی کے لئے مؤثر اِمدادی اَقدامات کو یقینی بنائیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے بحالی کے کاموں کا محکمہ وار جائزہ لیا اور سڑکوں، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی اور دیگر بنیادی عوامی خدمات کی بحالی میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ نقصانات کا جامع تخمینہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مناسب اِمدادی اور بحالی اَقدامات میں تاخیر نہ ہو۔اُنہوں نے آفاتِ سماوی سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آبپاشی و فلڈ کنٹرول کو ہدایت دی کہ وہ پانچ دِنوں کے اندر ایک جامع منصوبہ تیار کرکے پیش کریں جس میںسیلاب کے اثرات کو کم کرنے اور مستقبل میں اسی طرح کے نقصانات کو روکنے کے لئے فوری اور مستقل نوعیت کے اقدامات تجویز کئے جائیں۔ اُنہوں نے سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی، حساس علاقوں کو مضبوط بنانے اوردیرپا فلڈ مینجمنٹ حکمت عملی اَپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران کو محکموں کے درمیان قریبی تال میل برقرار رکھنے، بحالی کے کاموں کی پیش رفت پر گہری نظر رکھنے اور تمام متاثرہ کنبوں کو بروقت اِمداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دِی۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی اور معمولاتِ زِندگی کی جلد بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے سیلاب کی صورتحال کے دوران ضلعی اِنتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کی بروقت اور مربوط کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اَفسران اور اہلکاروں کی لگن، فرض شناسی اور مشکل حالات میں ریسکو، اِمداد اور بحالی کے کاموں کو کامیابی سے انجام دینے پر ان کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ وہ اسی رفتار کو برقرار رکھیں اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی اور ہر متاثرہ کنبے کو بروقت مدد کو یقینی بنانے کے لئے عزم کے ساتھ کام جاری رکھیں۔اِس سے قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دِی۔ اُنہوں نے جان و مال کے نقصانات کے علاوہ سکولوں، سڑکوں، رہائشی مکانات، کھڑی فصلوں، کنوؤں اور دیگر عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے پی ایم جی ایس وائی سڑکوں، صحت اِداروں اور محکمہ زراعت، محکمہ اینمل و شیپ ہسبنڈری اور محکمہ جل شکتی کے بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے نقصانات کی بھی تفصیلات پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ تمام متاثرہ کنبوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے اور ضلعی اِنتظامیہ متعلقہ محکموں کے اِشتراک سے اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اِمدادی اور بازآبادکاری کے اَقدامات ہر متاثرہ گھرانے تک بروقت پہنچ جائیں۔میٹنگ میں چیف اِنجینئر محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) پرشوتم کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا، ڈویژنل فارسٹ آفیسر نوشہرہ شویتا دیونا، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) منظور احمد، ایگزیکٹیو اِنجینئر محکمہ تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی) نوشہرہ سرور محمودکے علاوہ متعلقہ محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔