20 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والوں کیلئے راحت

20 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والوں کیلئے راحت

این ایچ اے آئی کا ڈیجیٹل لوکل ٹول پاس، راجمارگ یاترا ایپ میں نئی سہولتیں متعارف

سرینگر/ٹی ای این / نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا نے حکومت ہند کے ڈیجیٹل انڈیا اقدام کے تحت قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کی سہولت کے لیے راجمارگ یاترا موبائل ایپ میں دو نئی ڈیجیٹل خدمات متعارف کرائی ہیں۔ ان میں آن لائن لوکل ٹول پاس اور مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس ’’مارگ مترا ہیلپ سینٹر‘‘ شامل ہیں۔این ایچ اے آئی کے مطابق ان نئی عوام دوست سہولتوں کا مقصد قومی شاہراہوں پر سفر کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانا، کاغذی کارروائی ختم کرنا اور مسافروں کو فوری مدد فراہم کرنا ہے۔نئی لوکل پاس سہولت کے تحت اہل شہری اب ٹول پلازہ پر جانے کے بجائے راجمارگ یاترا ایپ کے ذریعے ماہانہ لوکل ٹول پاس آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ اس سہولت کا آغاز ابتدائی طور پر دہلی کے منڈکا۔بکروالا ٹول پلازہ سے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چند ماہ میں اسے ملک بھر کے دیگر ٹول پلازوں تک توسیع دی جائے گی۔اس اسکیم کے مطابق ایسے رہائشی جو کسی اہل ٹول پلازہ کے 20 کلومیٹر کے دائرے میں رہتے ہوں، وہ ماہانہ ڈیجیٹل لوکل پاس حاصل کر کے متعلقہ ٹول پلازہ سے پورے مہینے میں لامحدود آمد و رفت کر سکیں گے۔اس سے قبل مقامی رہائشیوں کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے ذاتی طور پر ٹول پلازہ جا کر مختلف دستاویزات جمع کرانا پڑتے تھے، تاہم اب یہ تمام عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔این ایچ اے آئی نے بتایا کہ نئے نظام میں صارف کی رضامندی سے ڈیجی لاکر اورواہن پلیٹ فارم کے ذریعے رہائشی پتے، گاڑی کی رجسٹریشن اور متعلقہفاسٹ ٹیگکی تفصیلات خودکار طور پر حاصل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ GIS پر مبنی تصدیقی نظام کے ذریعے اہلیت کی جانچ کی جائے گی، جس سے کاغذی کارروائی ختم ہونے کے ساتھ شفافیت، درستگی اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔ادھر این ایچ اے آئی نے ’’مارگ مترا ہیلپ سینٹر‘‘ بھی متعارف کرایا ہے، جو راجمارگ یاترا ایپ میں شامل ایک AI پر مبنی ڈیجیٹل معاون پلیٹ فارم ہے۔ اس کے ذریعے قومی شاہراہوں کے صارفین معلومات حاصل کر سکیں گے، شکایات درج کرا سکیں گے اور مختلف خدمات سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔اتھارٹی کے مطابق صارفین اپنی گفتگو یا تحریری سوالات ہندوستان کی 22 سرکاری زبانوں میں درج کر سکیں گے۔ پلیٹ فارم فاسٹ ٹیگ ریچارج، کے وائی سی ، ریفنڈ کی صورتحال، سالانہ پاس، لوکل پاس اور دیگر عمومی سوالات سے متعلق فوری رہنمائی فراہم کرے گا۔جن معاملات میں متعلقہ محکمے کی کارروائی درکار ہوگی، ان کی شکایات براہ راست اسی پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ دفتر کو بھیج دی جائیں گی۔ صارفین اپنی شکایت کی پیش رفت حقیقی وقت میں دیکھ سکیں گے اور جواب سے مطمئن نہ ہونے کی صورت میں اپیل بھی دائر کر سکیں گے۔اس کے علاوہ مارگ مترا کے ذریعے فاسٹ ٹیگ کے بلیک لسٹ ہونے کی حیثیت، زیر التوا ای نوٹسز، سڑکوں پر خراب گاڑیوں، تجاوزات اور دیگر حفاظتی مسائل کی اطلاع بھی دی جا سکے گی۔این ایچ اے آئی کے مطابق راجمارگ یاترا ایپ کے ذریعے اب تک 80 لاکھ سے زائد سالانہ پاس جاری کیے جا چکے ہیں، جنہیں فوری طور پر فعال کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ اتھارٹی نے قومی شاہراہوں کے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارمز پر راجمارگ یاترا ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے ان نئی ڈیجیٹل سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔