بارشوں کی تباہی: منوج سنہا نے امداد تیز کی

بارشوں کی تباہی: منوج سنہا نے امداد تیز کی

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے سینئر حکام اور راجوری و پونچھ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے بات چیت کر کے شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے رہائشی املاک اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اُنہوں نے تمام ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ باہمی قریبی تال میل کے ساتھ چوبیس گھنٹے کام کریں تاکہ بچاؤ، راحت اور بحالی کی کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری رکھی جاسکیں۔اُنہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حساس اور خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور مقامی ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’ایکس ‘ پر اَپنے ایک پیغام میں کہا،’’میں نے سینئر حکام اور راجوری و پونچھ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے بات کر کے شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکانات اور اہم عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔
صوبائی کمشنر جموں اور اِنسپکٹر جنرل آف پولیس جموں اس وقت زمینی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور میں نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مکمل باہمی تال میل کے ساتھ چوبیس گھنٹے کام کرتے ہوئے بچاؤ، راحت اور بحالی کی کارروائیاں انجام دیں۔ ہماری اوّلین ترجیح اہم شاہراہوں کو دوبارہ ٹریفک کے لئے کھولنا اور بجلی و پانی کی فراہمی بحال کرنا ہے۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ متاثر ہونے والی 435 سڑکوں میں سے 356 سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں۔میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر کرنے سے اِجتناب کریں اور مقامی ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈِی آر ایف)، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈِی آر ایف)، فوج، بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او)، نیشنل ہائی ویز اَتھارٹی آف اِنڈیا (این ایچ اے آئی)، جموں و کشمیر پولیس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ حساس علاقوں میں فوری ردِّعمل کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔اس آفاتِ سماوی میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر مجھے گہرے دکھ اور صدمے کا احساس ہے۔ میری دلی تعزیت سوگوار کنبوں کے ساتھ ہے اور میں تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دُعا گو ہوں۔