محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین اگست تا اکتوبر 2026 کیلئے غذائی اجناس کی پیشگی تقسیم کرے گا

سری نگر//محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امورِ صارفین نے آئندہ مون سون سیزن کے دوران مستفیدین کو غذائی اجناس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے ایک اہم اَقدام کے طور پر قومی غذائی تحفظ ایکٹ (این ایف ایس اے) اور نان پرائرٹی ہاؤس ہولڈ (این پی ایچ ایچ) سکیموں کے تحت اگست، ستمبر اور اکتوبر 2026 ء کے لئے مختص غذائی اجناس کی پیشگی وصولی اور تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ بارشوں کے موسم میں ٹرانسپورٹیشن اور سپلائی سے متعلق پیش آنے والی ممکنہ مشکلات سے نمٹا جا سکے اور پورے یونین ٹیریٹری میں غذائی تحفظ کو بلاتعطل یقینی بنایا جا سکے۔اسی مناسبت سے محکمہ نے تین مہینوں کے لئے غذائی اجناس کی پیشگی تقسیم مختص کی ہے جس کے تحت اِستفادہ کنندگان ایک ہی ٹرانزیکشن کے ذریعے اَپنے تین ماہ کا راشن حاصل کر سکیں گے۔ پوری تقسیمی عمل کو 31؍ اگست 2026 ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس اَقدام کی مؤثر عمل آور ی کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل اِنفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) جموں و کشمیر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اگست ، ستمبر اور اکتوبر 2026 ء کے مہینوں سے متعلق غذائی اجناس کی تقسیم کے لئے اِی۔پوائنٹ آف سیل (اِی ۔ پی او ایس) ڈیوائسز میں یکوقتی ٹرانزیکشن کی سہولیت فراہم کرے ۔وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین نے کہا کہ غذائی اجناس کی پیشگی وصولی اور تقسیم سے محکمہ کی تیاری مزید مضبوط ہوگی اور مون سون کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے کہا کہ اس اَقدام سے پورے جموں و کشمیر میں اِستفادہ کنندگان کو غذائی اجناس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ان کے غذائی تحفظ کو محفوظ بنایا جائے گا۔کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین نے اس بات کا اعادہ کیاکہ غذائی اجناس کی پیشگی لفٹنگ ، ٹرانسپورٹیشن اور تقسیم کا عمل تمام شراکت داروں بشمول فوڈ کارپوریشن آف اِنڈیا (ایف سی آئی)، جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) اور ضلعی اِنتظامیہ کے باہمی تعاون سے انجام دیا جائے گا۔اُنہوں نے ڈائریکٹرخوراک ، شہری رسدات و امورصارفین جموں اور ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و امورصارفین کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ غذائی اجناس کی لفٹنگ، ٹرانسپورٹیشن اور تقسیم کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ مقررہ مدت کے اندر یہ کارروائی مکمل ہو اور کوئی بھی اہل مستحق اَپنے حق سے محروم نہ رہے۔محکمہ نے تمام متعلقہ افسران، فیئر پرائس شاپ ڈیلروں اور دیگر شراکت داروںکو بھی ضروری ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مختص غذائی اجناس کی بروقت وصولی، ٹرانسپورٹیشن اور تقسیم کو یقینی بنائیں۔ عوامی سہولیت اور بلا تعطل غذائی تحفظ کے پیش نظر یہ پورا عمل 31 ؍اگست 2026 ء تک مکمل کیا جائے گا۔