ادھم پور میں یاتری گاڑی حادثہ، منوج سنہا نے صورتحال کا جائزہ لیا

ادھم پور میں یاتری گاڑی حادثہ، منوج سنہا نے صورتحال کا جائزہ لیا

زخمی امرناتھ یاتریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کی صبح ادھم پور کے جکھنی علاقے کے نزدیک امرناتھ یاترا کے قافلے کی ایک گاڑی کو پیش آئے سڑک حادثے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمی یاتریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔راج بھون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا اور طبی حکام سے فون پر بات کر کے زخمی یاتریوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جی ایم سی ادھم پور میں زیر علاج تمام زخمیوں کو بہترین ممکنہ علاج اور ہر ضروری سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔یو این ایس کے مطابق منوج سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے ادھم پور کے ڈپٹی کمشنر اور طبی حکام سے بات کر کے جکھنی کے قریب پیش آئے افسوسناک حادثے میں زخمی ہونے والے شری امرناتھ جی یاتریوں کی خیریت دریافت کی۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے پانچ یاتری اور گاندربل کے ایک ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں، جن کا علاج گورنمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور میں جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سینئر حکام کو زخمیوں کی فوری مدد، بہترین طبی نگہداشت اور دیگر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔انہوں نے بابا برفانی سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ تمام امرناتھ یاتریوں کی سلامتی، خیریت اور یاترا کے پرامن و محفوظ انعقاد کے لیے دعا گو ہیں۔