مانسبل//ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) نے خوبصورت مانسبل جھیل میں ایک دِن کے مانسبل واٹر سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیا۔اِس فیسٹول کا اہتمام مقامی سیاحتی و آبی کھیلوں کے گروپ سوئم این سروائیول سوسائٹی کشمیر ( ایس ایس ایس کے)کے اشتراک سے منعقد کیا گیاہے۔فیسٹول میں تقریباً 200 سکولی طلبأ، کھلاڑیوں اور واٹر سپورٹس کے شوقین افراد کی شرکت دیکھی گئی جس سے یہ حالیہ برسوں میں جھیل پر منعقد ہونے والے سب سے بڑے واٹر سپورٹس ایونٹس میں سے ایک بن گیا۔فیسٹول میں اوپن واٹر سوئمنگ، کائیکنگ، پیڈل بوٹ ریس، مقامی کشتی بانوں کے لئے شکارا ریس اور دیگر دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے۔اس فیسٹول کا مقصد آبی تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا، صحت مند بیرونی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور مانسبل جھیل کی سیاحتی و کھیلوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا تھا۔بعدمیں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر احسان الحق چشتی نے ایونٹ کے فاتحین کو انعامات سے نوازا۔اِس موقعہ پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکأ اور فاتحین کو مُبارک باد د پیش کی اور کہا کہ ڈبلیو ایم ڈی اے خطے میں آبی تفریحی سرگرمیوں اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لئے آئندہ بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا۔اُنہوں نے سوئم اینڈ سروائیول سوسائٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مانسبل جھیل کو آبی تفریحی سرگرمیوں کا ایک نمایاں مرکز بنانے کے لئے اتھارٹی آئندہ بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔










