بنگلورو/یو این آئی// بنگلورو کے کیمپی گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر احمد آباد جانے والی انڈیگو کی ایک پرواز میں ٹیک آف سے چند لمحے قبل بم کی دھمکی ملنے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ مسافروں کو فوری طور پر طیارہ سے اتار لیا گیا اور مکمل انسداد تخریب کاری کارروائی کے بعد طیارہ کو محفوظ قرار دیا گیا۔ پولیس نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔یہ واقعہ جمعرات کی شام انڈیگو کی پرواز 6E-6423 میں پیش آیا، جو رات 8بجے احمد آباد روانہ ہونے والی تھی۔ شام تقریباً 7:35بجے کیبن کریو کو طیارہ کے بیت الخلا میں ایک ہاتھ سے لکھی ہوئی پرچی ملی، جس میں طیارے میں بم ہونے کی دھمکی دی گئی تھی۔اطلاع ملتے ہی سکیورٹی ایجنسیاں حرکت میں آگئیں۔ تمام مسافروں کو طیارہ سے بحفاظت اتار لیا گیا اور فضائی سکیورٹی ضوابط کے مطابق طیارہ اور تمام سامان کی مکمل تلاشی لی گئی،کوئی بم یا مشتبہ مواد برآمد نہیں ہوا، جس کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ بم کی اطلاع جھوٹی تھی۔










