ستیش شرما نے چھمب میں 10کروڑ روپے سے زائدمالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

ستیش شرما نے چھمب میں 10کروڑ روپے سے زائدمالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

کہا،بنیادی ڈھانچے پر مبنی ترقی ہی جموںوکشمیر کی خوشحالی کی کلید ہے

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی،اَمورِ نوجوان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے چھمب حلقے میں 10 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھاجو بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے، عوامی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے، اور دیہی و سرحدی علاقوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس وسیع پروگرام کے دوران 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا جن میں سڑکیں، پُل، اِنتظامی عمارتیں، کھیلوں کی سہولیات، صحت کی خدمات اور ویٹرنری خدمات شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے رابطہ سڑکوں میں بہتری، بنیادی عوامی خدمات تک رَسائی، دیہی انفراسٹرکچرکو مضبوط بنانے اور سماجی و اِقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ شروعات میں وزیر موصوف نے 1.50کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ ٹھنڈی چوئی۔سینتھ ر وڈ کا اِفتتاح کیااور کہا کہ بہتر سڑک رابطہ اِقتصادی ترقی کی بنیاد ہے کیوں کہ معیاری سڑکیں نہ صرف سفر کا وقت کم کرتی ہیں بلکہ تجارت، تعلیم، صحت سہولیات تک رَسائی اور مجموعی علاقائی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ دُور دراز دیہات بھی معیاری بنیادی ڈھانچے سے منسلک ہوں۔ بہتر سڑکیں بہتر مواقع، روزگار میں اضافہ اور لوگوںکے معیارِ زندگی میں بہتری کا ذریعہ بنتی ہیں۔‘‘اُنہوں نے کھڑہ بلی میں 76.74 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت سے تعمیر ہونے والی نئی تحصیل آفس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ جدید اِنتظامی کمپلیکس حکومتی خدمات کو عوام کے مزید قریب لائے گا، اِنتظامی کارکردگی کو بہتر بنائے گااور عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے زیادہ شہری دوست ماحول فراہم کرے گا۔اِس موقعہ پر ستیش شرما نے کھڑہ میں 3 کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرکردہ پُل کا بھی اِفتتاح کیا۔ اِس پُل سے متعدد ملحقہ دیہاتوں کو ہر موسم میں قابلِ اعتماد رابطہ فراہم کرنے کی اُمید ہے جس سے مقامی باشندوں، طالب علموں، کسانوں اور ایمرجنسی خدمات کی آواجاہی میں آسانی ہوگی۔اُنہوں نے ترقیاتی پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے چپریال۔بردوہ روڈ کا سنگ بنیاد رکھا جس کی لاگت 2 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے دیہی رابطے مضبوط ہوں گے، ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات بہتر ہوں گی اور زراعت، تجارت، سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر موصوف نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور قوم کی تعمیر میں کھیلوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے پلن والا میں 20.99 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ نئے والی بال کورٹ کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں جدید کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کھیلوں میں ان کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ہماری ذِمہ داری ہے کہ انہیں بہترین سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ کھیل نہ صرف چمپئن پیدا کرتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، اعتماد،فِٹنس اور سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔‘‘ستیش شرما نے اِس موقعہ پر مقامی صحت مراکز کو مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے طبی آلات بھی تقسیم کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہر شہری کو قابلِ رَسائی اور کم خرچ صحت خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صحت شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔بعد میں اُنہوں نے کھور میں 2 کروڑ 7 لاکھ روپے کی تخمینی لاگت سے تعمیر ہونے والے ویٹرنری ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے دیہی علاقوں میں مویشی پروری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ویٹرنری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے کسانوں کو جانوروں کی بہتر صحت، پیداوار میں اِضافے اور آمدنی میں بہتری کی صورت میں براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔وزیر موصوف نے عوامی اِجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت شفاف، جوابدہ اور ترقی پر مبنی طرزِ حکمرانی کے لئے پُرعزم ہے جس میں متوازن علاقائی ترقی اور معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے کہ بنیادی ڈھانچے اور عوامی بہبود میں دیرپا سرمایہ کاری کے ذریعے ترقیاتی فوائد ہر گاؤں، ہر گھر اور ہر شہری تک پہنچیں۔وزیر موصوف نے کہا،’’ترقی تب ہی معنی خیز ہے جب اس کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچتے ہیں۔ آج جن منصوبوں کا اِفتتاح یا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اس کی منصوبہ بندی مقامی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے معیار ِزِندگی کو بہتر بنانے کے لئے کی گئی ہے۔ ہماری حکومت جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، اِداروں کو مضبوط بنانے اور ہر خطے کو جامع اوردیرپا ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔‘‘اِس موقعہ پراُنہوںنے مقامی باشندوں، عوامی نمائندوں، نوجوانوں اور مختلف سماجی تنظیموں کے ارکان سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل اور ترقیاتی مطالبات بغور سُنا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جائز ہ لیا جائے گا اورحکومت مقامی اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام جاری رکھے گی تاکہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے ترقیاتی اقدامات کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، نوجوانوں کو بااِختیار بنانا، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں اور چھمب حلقے میں آئندہ برسوں میں بھی ترقی کا یہ سفر اسی رفتار سے جاری رکھا جائے گا۔اِس موقعہ پر ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر افسران، متعلقہ محکموں کے انجینئران، مقامی عوامی نمائندوں اور بڑی تعداد میں مقامی باشندے موجو دتھے۔