amarnath yatra

سخت سیکورٹی میں امرناتھ یاترا کے 15ویں قافلے کی روانگی

5201 یاتریوں کی کشمیر آمد، اب تک 3.25 لاکھ سے زائد یاتریوں کا گھپا میں درشن

سرینگر// سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان شری امرناتھ یاترا کے 15ویں قافلے میں شامل 5201 یاتری جمعرات کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر میں واقع دونوں بنیاد ی کیمپوں، بالتل اور پہلگام، کے لیے روانہ ہوئے۔ حکام کے مطابق اب تک 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد عقیدت مند سطح سمندر سے تقریباً 3880 میٹر بلند مقدس امرناتھ غار میں درشن کر چکے ہیں۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ تازہ قافلے میں 92 سادھو، 9 سادھویاں، 3970 مرد، 1124 خواتین، 5 بچے اور ایک خواجہ سرا شامل ہے۔ یاتریوں کو سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کی سخت سیکورٹی میں 251 گاڑیوں کے قافلے کے ذریعے روانہ کیا گیا۔حکام کے مطابق بالتل روٹ کے لیے 1745 یاتریوں پر مشتمل قافلہ 74 گاڑیوں میں صبح 3 بجے روانہ ہوا، جبکہ پہلگام روٹ کے لیے 3456 یاتریوں پر مشتمل قافلہ 177 گاڑیوں میں صبح 3.30 بجے روانہ کیا گیا۔یاترا کے آغاز 2 جولائی سے لے کر اب تک جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 4 ہزار 488 یاتری کشمیر کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ روانگی کے موقع پر بیس کیمپ میں “بم بم بھولے”، “ہر ہر مہادیو” اور “جے برفانی بابا کی” کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ متعدد یاتریوں نے یاترا کے دوران کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔یو این ایس کے مطابق دریں اثنا، چھڑی مبارک شری امرناتھ جی کے متولی مہنت دیپیندر گیری نے اعلان کیا ہے کہ چھڑی مبارک کی روایتی سالانہ یاترا کا آغاز 22 اگست سے ہوگا جبکہ 28 اگست، شراون پورنیما کے موقع پر مقدس غار میں خصوصی پوجا اور درشن کے ساتھ یاترا کی مذہبی رسومات مکمل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ 29 جولائی کو آشاڑھ پورنیما (ویاس پورنیما) کے موقع پر پہلگام میں بھومی پوجن، نوگرہ پوجن اور دھواجا روہن جیسی روایتی رسومات ادا کی جائیں گی۔ اس کے بعد 12 اگست کو چھڑی مبارک کو شنکراچاریہ مندر، 13 اگست کو شاریکا بھوانی مندر، 15 اگست کو شری امریشور مندر دشنامی اکھاڑہ سرینگر اور 17 اگست کو ناگ پنچمی کے موقع پر روایتی چھڑی پوجن انجام دی جائے گی۔مہنت دیپیندر گیری کے مطابق مرکزی یاترا کے دوران چھڑی مبارک 22 اور 23 اگست کو پہلگام، 24 اگست کو چندن واڑی، 25 اگست کو شیش ناگ اور 26 و 27 اگست کو پنجترنی میں قیام کرے گی، جس کے بعد 28 اگست کو مقدس امرناتھ غار پہنچ کر اختتامی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ سے گزارش کی گئی ہے کہ صدیوں پرانی مذہبی روایات کے تحفظ، چھڑی مبارک کی طے شدہ شیڈول کے مطابق نقل و حرکت اور یاترا کے دوران مکمل سیکورٹی و دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔