سری نگر// سیکرٹری ٹرانسپورٹ اونی لواسانے آج ان لینڈ واٹر ویز اَتھارٹی آف اِنڈیا (آئی ڈبلیو اے آئی) اور حکومت جموں و کشمیر کے اِشتراک سے تیار کئے جا رہے مجوزہ ریور کروز ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اُن کے ہمراہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر اور جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ ٹرانسپورٹ بھی تھے۔دورے کے دوران اونی لواسا نے زیرو برج سے پانتھہ چوک تک مجوزہ ریور کروز روٹ کا معائینہ کیا اور مختلف مجوزہ ٹرمنلز کا دورہ کرکے بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔معائینے کے دوران ٹرمینلز کی تیاری، مسافروں کی سوار اور اتارکی سہولیات، نیویگیشن کی ضروریات ، حفاظتی اَقدامات اور ریور کروز سروس کے آغاز کے لئے درکار دیگرلازمی بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری نے آئی ڈبلیو اے آئی، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر شراکت داروںکے درمیان قریبی تال میل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے اور حفاظت، آپریشنل کارکردگی اور مسافروں کی سہولیت کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔ان لینڈ واٹر ویز اتھارٹی آف انڈیا اور حکومت جموں و کشمیر کے اشتراک سے عملایا جا رہا یہ ریور کروز ٹرانسپورٹ منصوبہ نہ صرف ماحول دوست اور دیرپاسفری سہولیت فراہم کرے گا بلکہ دریائے جہلم کی سیاحتی صلاحیت کو بھی نمایاں طور پر فروغ دے گا اور مقامی باشندوں و سیاحوں کو یکساں طور پر ایک منفرد سفری تجربہ فراہم کرے گا۔










