لیفٹیننٹ گورنر نے تمام اَفسران کی محنت کو سراہا اور ہر یاتری کو معزز مہمان سمجھ کر خدمت کرنے کی تلقین کی
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جموں میں بھگوتی نگر یاتری نواس کا دورہ کیا اور جاری شری امرناتھ جی یاترا کے سلسلے میں یاتریوں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، شری امرناتھ جی شرائین بورڈ اور سول اِنتظامیہ کے افسران سے بات چیت کی اور یاتریوں کے آرام دہ قیام کی سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ ہر یاتری کو ایک معزز مہمان سمجھ کر اس کی خدمت کی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’صرف 12 دنوں میں پوتر یاترا میںزائد اَز 3 لاکھ یاتریوں کی آمد ہو چکی ہے۔اِس لئے یاتریوں کے لئے محفوظ، ہموار اور بلارُکاوٹ سفر کی سہولیت کو فراہم کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے۔‘‘اُنہوں نے بابا برفانی کے تمام عقیدت مندوں کے لئے رجسٹریشن کا اِنتظام، آرام دہ قیام اور سفر کی بہترین سہولیات یقینی بنانے پر زور دیا۔منوج سِنہانے جموں کی ثقافتی اور سیاحتی شناخت کو اُجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ صوبہ جموں کے اہم مذہبی اور سیاحتی مقامات کی سیر کے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے جائیں اور مقامی دستکاری اور ہینڈلوم مصنوعات کو فعال طور پر فروغ دیں۔اُنہوں نے کہا،’’ہماری کوشش ہے کہ جب بابا امرناتھ کے یاتری واپس اپنے گھروں کو لوٹیں تو وہ جموں کی خوبصورت مقامی ہاتھ سے بنی اشیاء اور ناقابل فراموش یادوں کی شکل میں لے جائیںاور یہاں کی خوشگوار یادیں بھی ان کے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہیں۔ آئیے ہم سب مل کر اس سال کی یاترا کو حقیقی معنوں میں تاریخی بنائیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کمیونٹی کچن میں فوڈ سیفٹی اَفسران کی تعیناتی، اِستقبالیہ اور قیام گاہوں میں دستیاب سہولیات، موقعہ پر رجسٹریشن، ٹرانسپورٹ اور سیکورٹی اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پوری یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی بھاری آمد کا بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتظام کے لئے اَفرادی قوت کی تعیناتی کو بہتر بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ اَفسران محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں پر گہری نظر رکھیں اور موسم کی کسی بھی غیر متوقع تبدیلی سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ادارے ہر وقت چوکس رہیں۔صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے میٹنگ کو بتایا کہ دھوکہ دہی اور جعلسازی میں ملوث پائے گئے اَفراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ہدایت دی کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار بھی بدعنوانی یا بے ضابطگی میں ملوث پایا جائے تو اِس کے خلاف بھی اِنتظامی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے شری امرناتھ جی کے عقیدت مندوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے لئے محفوظ ، پُر امن اور بابرکت یاتراکی دعا اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموںرمیش کمار، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، آئی جی پی سی آر پی ایف جموں سیکٹر امول وی ہومکر،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، میونسپل کمشنر جموں ڈاکٹر دیونش یادو، سول اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










