سوشل میڈیا صارفین کو فِشنگ مہم سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

سوشل میڈیا صارفین کو فِشنگ مہم سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں، غیر متوقع پیغامات کی تصدیق ضرور کریں//ایس آئی اے

سرینگر// اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کشمیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک عوامی مشاورتی نوٹس جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سائبر مجرم جعلی ووٹنگ لنکس کے ذریعے صارفین کے اکاؤنٹس ہیک کرنے کی منظم کوشش کر رہے ہیں۔یو این ایس کے مطابق ایس آئی اے کشمیر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اور سائبر سکیورٹی ماہر طاہر اشرف نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ صارفین کو ایسے اکاؤنٹس سے جعلی ووٹنگ کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جو پہلے ہی ہیک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان لنکس پر کلک کرتے ہی صارف کا اکاؤنٹ فوری طور پر سائبر حملہ آوروں کے قبضے میں جا سکتا ہے۔مشاورتی نوٹس کے مطابق جب کسی صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہو جاتا ہے تو حملہ آور اس کے لاگ اِن کی معلومات تبدیل کر دیتے ہیں اور اکاؤنٹ واپس دینے کے عوض رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس کے بعد وہ اسی ہیک شدہ اکاؤنٹ سے صارف کے دوستوں، ساتھیوں اور دیگر رابطوں کو بھی جعلی ووٹنگ لنکس بھیجتے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ فِشنگ مہم تیزی سے مزید لوگوں تک پھیل جاتی ہے۔ایس ایس پی طاہر اشرف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک ووٹنگ لنک پر ہرگز کلک نہ کریں، چاہے وہ کسی دوست، رشتہ دار، ساتھی یا قابل اعتماد شخص کے اکاؤنٹ سے ہی کیوں نہ موصول ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوقع پیغامات یا لنکس کی تصدیق کسی دوسرے ذریعے، مثلاً فون کال یا براہِ راست رابطے کے ذریعے ضرور کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی صارف کو مشکوک سرگرمی یا جعلی لنک موصول ہو تو اس کی فوری اطلاع متعلقہ پلیٹ فارم اور سائبر حکام کو دی جائے تاکہ اس قسم کی فِشنگ مہم کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔سائبر ماہرین کے مطابق فِشنگ حملوں میں عموماً ایسے لنکس استعمال کیے جاتے ہیں جو بظاہر اصل ویب سائٹس یا ووٹنگ صفحات جیسے دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کا مقصد صارفین کے پاس ورڈ، لاگ اِن معلومات اور دیگر حساس ڈیٹا چوری کرنا ہوتا ہے۔ اس لیے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا استعمال کرتے وقت غیر معمولی احتیاط برتیں اور صرف مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔