arrest

پولیس نے 11 مقدمات میں مطلوب ملزم گرفتار کر لیا

2015 کے دھوکہ دہی اور جعلسازی کیس میں طویل عرصے سے مفرور ملزم عدالت میں پیش

سرینگر//جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ایک پرانے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف وادی کشمیر کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 11 فوجداری مقدمات درج ہیں، جن میں جعلی دستاویزات، فرضی تقرری ناموں اور عوام کو دھوکہ دینے کے الزامات شامل ہیں۔یو این ایس کے مطابق کرائم برانچ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میر، ساکن لشتیال، کلاروس، ضلع کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے ایف آئی آر نمبر 17/2015 کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا، جو پولیس اسٹیشن کرائم برانچ کشمیر میں رنبیر پینل کوڈ (آر پی سی) کی دفعات 420، 467، 468، 471 اور 120-بی کے تحت درج ہے۔ ان دفعات کا تعلق دھوکہ دہی، جعلسازی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور مجرمانہ سازش سے ہے۔بیان کے مطابق ملزم کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سری نگر کی عدالت نے جاری کیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس مقدمے میں چارج شیٹ پہلے ہی متعلقہ عدالت میں پیش کی جا چکی تھی۔کرائم برانچ نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر اقتصادی جرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور اسے عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں عدالتی احکامات کی تعمیل میں ملزم کو سینٹرل جیل سری نگر منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق عبدالمجید میر ایک عادی ملزم ہے اور اس کے خلاف کشمیر کے مختلف اضلاع میں دھوکہ دہی، جعلی سرکاری تقرری ناموں، فرضی ملازمتی دستاویزات اور جعلسازی سے متعلق 11 مقدمات درج ہیں۔ ان میں سے چار مقدمات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سات مقدمات میں چارج شیٹ متعلقہ عدالتوں میں پیش کی جا چکی ہے۔یو این ایس کے مطابق کرائم برانچ کے مطابق ملزم کے خلاف درج مقدمات میں کرائم برانچ کشمیر کی ایف آئی آر نمبر 17/2015 اور 15/2018، پولیس اسٹیشن میسمہ کی ایف آئی آر نمبر 02/2020، پولیس اسٹیشن کپواڑہ کی ایف آئی آر نمبر 24/2022 اور 114/2025، اقتصادی جرائم ونگ کشمیر کی ایف آئی آر نمبر 10/2025، 12/2026، 13/2026 اور 18/2026، پولیس اسٹیشن پنتھہ چوک کی ایف آئی آر نمبر 42/2025 اور پولیس اسٹیشن لال بازار کی ایف آئی آر نمبر 46/2025 شامل ہیں۔اقتصادی جرائم ونگ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ملازمت دلانے کے جھوٹے دعووں، جعلی تقرری ناموں اور فرضی دستاویزات کے ذریعے ہونے والی دھوکہ دہی سے محتاط رہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کو اس نوعیت کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا کرائم برانچ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔