drug

منشیات کے مالیاتی نیٹ ورک کے خلاف پولیس کی مہم تیز

سوپور میں منشیات فروش کی 1.23 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط

سرینگر// سوپور پولیس نے “100 روزہ نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت منشیات کے کاروبار کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مفرور اور مبینہ بدنام زمانہ منشیات فروش کی ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی دو غیر منقولہ جائیدادیں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 68 ایف کے تحت ضبط کر لی ہیں۔یو این ایس کے مطابق پولیس کے مطابق ضبط کی گئی جائیدادوں میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان، جس کے گرد چار دیواری موجود ہے، اور سروے نمبر 365 من کے تحت ایک کنال 10 مرلہ اراضی شامل ہے۔ ان دونوں جائیدادوں کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔یہ جائیدادیں محمد اشرف میر عرف آشو ولد مرحوم فاروق احمد میر، ساکن جامعہ قدیم سوپور، حال مقیم کرنکشیون کالونی، نگین باغ بی، سوپور کی ہیں۔ ملزم اس وقت مفرور ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن سوپور میں درج ایف آئی آر نمبر 23/2026 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔ مالیاتی تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ جائیدادیں مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی گئی تھیں۔ ضبطی کی کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے مطابق آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔بیان کے مطابق ملزم مذکورہ مقدمے میں مفرور ہے اور اس کے خلاف پہلے ہی “ہیو اینڈ کرائی نوٹس” اور “لک آؤٹ نوٹس” جاری کیا جا چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں، جو اس کی مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ میں مسلسل سرگرمی کو ظاہر کرتے ہیں۔یو این ایس کے مطابق سوپور پولیس نے کہا کہ منشیات کے کاروبار کو مالی سہارا دینے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ غیر قانونی آمدنی سے حاصل کی گئی جائیدادوں کو ضبط کر کے منشیات فروشوں کے مالی وسائل ختم کیے جا سکیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیا کے کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آئندہ بھی سخت قانونی اور مالیاتی کارروائیاں جاری رہیں گی۔