جموں//چیف الیکٹورل آفیسر (سی اِی او) جموں و کشمیرسنجیو کمار ورما نے آج نروچن بھون، ریل ہیڈ کمپلیکس جموں کے کانفرنس ہال میں سینئر اَفسران کے ساتھ ایک تیاری میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں یونین ٹیریٹری میں اِنتخابی خواندنگی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے تجویز کردہ کانفرنس کے اِنتظامات کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میںکانفرنس کے کامیاب اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تعلیمی اداروں،یونیورسٹیوں اور دیگرشراکت داروں کی شرکت سمیت مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) نے الیکٹورل لٹریسی کلب (اِی ایل سیز) کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں جموں میں ایک کانفرنس کا اِنعقاد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شرکأ کو اِی سی آئی نیٹ سے روشناس کرنا اور اِنتخابی خواندگی، جمہوری اَقدار اور بامعنی عوامی شرکت کے فروغ میں یونیورسٹیوں اور تعلیمی اِداروں کے کردار پر تبادلۂ خیال کرنا ہے۔سنجیو ورما نے کہا کہ کانفرنس مسلسل اِنتخابی اور جمہوری تعلیم کے فروغ کے لئے ایک مؤثر اور فعال پلیٹ فارم کے طور پر پورے جموں و کشمیر میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں یو ٹی، ضلع، اسمبلی حلقہ اور پولنگ سٹیشن کی سطح پر الیکٹورل لٹریسی کلبس کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے متعلقہ محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران کو ہدایت دی کہ طلبأ، اَساتذہ اور الیکٹورل لٹریسی کلبس کے نوڈل اَفسران کی وسیع پیمانے پر شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اعلیٰ تعلیم اور سکولی تعلیم محکموں کے ساتھ مؤثرتال میل اور ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔اُنہوںنے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد مقام کا تعین اور دیگر تیاری کے اِنتظامات مکمل کریں اور تجویز کردہ کانفرنس کے احسن اِنعقاد کے لئے سی اِی او آفس سے ہر ممکن تعاون حاصل کریں۔میٹنگ میں تمام ضلعی اِنتخابی اَفسران (ضلع ترقیاتی کمشنروں) اوراِنتخابی محکمہ، اعلیٰ تعلیم ، سکولی تعلیم،سیاحت ، مختلف یونیورسٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اوربذریعہ ویڈیوکانفرنسنگ شرکت کی۔










