جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، امورِ نوجوانان و کھیل کود اور سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ جات ستیش شرما نے آج جموں صوبہ کے مختلف اضلاع سے آئے متعدد وفود سے ملاقات کی اور بنیادی ڈھانچے، شہری سہولیات، عوامی خدمات اور ترقیاتی ضروریات سے متعلق مختلف عوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔وفود میں سماجی تنظیموں، تجارتی انجمنوں، نوجوانوں کے گروپوں اور مقامی باشندوں کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے وزیرموصوف کو سڑک رابطہ، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی کے ڈھانچے، کھیلوں کی سہولیات، راشن کی تقسیم، ڈیجیٹل خدمات، روزگار کے مواقع اور دیگر ترقیاتی امور سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے علاقے سے متعلق کئی مطالبات بھی پیش کئے جن کا مقصد لوگوں کے معیار زِندگی کو بہتر بنانا ہے۔ستیش شرما نے ہر وفد کی بات کو بغور سنا اور جموں و کشمیر حکومت کے شفاف، جوابدہ اور عوام پر مبنی حکومت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت حکمرانی کو نچلی سطح تک پہنچانے اور ہر شہری کو معیاری عوامی خدمات اور جدید بنیادی ڈھانچے تک رسائی یقینی بنانے کے واحد مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت جموں و کشمیر میںجدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ ہماری توجہ محض بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ ہر ترقیاتی اقدام سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے اور ان کے معیار زندگی میں بہتری آئے۔‘‘وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی شرکت مؤثر حکمرانی کی بنیادی ستون ہے اور کہاکہ شہریوں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت حکومت کو زمینی حقائق سمجھنے اور عوامی امنگوں کے مطابق پالیسیاں بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ اُنہوں نے وفود کو یقین دِلایا کہ ملاقات کے دوران اٹھائے گئے تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پردیکھا جائے گا اور متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کر کے ان کے جلد حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں حکومت عوامی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، ڈیجیٹل حکمرانی کو فروغ دینے اور کھیلوں کے بہتر انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات اور جامع ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔وزیرستیش شرما نے کہاکہ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فلاحی اور ترقیاتی سکیموں کی عمل آوری کے دوران جوابدہ اور شہری دوست طرزِ عمل اختیار کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔










