محکمہ موسمیات کا موسلادھار بارش کی پیش گوئی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ
سرینگر//محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی وسیع پیمانے پر بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پہاڑی ڈھلوانوں سے پتھر گرنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔یو این ایس کے مطابق سرینگر میں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کی جانب سے اتوار کی صبح 11 بجے جاری سات روزہ موسمی بلیٹن کے مطابق اتوار کے روز کشمیر اور جموں دونوں خطوں میں بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔ اس کے بعد آئندہ ایک ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے اتوار کے لیے امپیکٹ بیسڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مقامات پر گرج چمک، آسمانی بجلی اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔موسمیاتی مرکز کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے باعث حساس علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پہاڑی علاقوں میں پتھر گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔ اگرچہ اتوار کے بعد کشمیر میں کسی بڑے موسمی انتباہ کی پیش گوئی نہیں کی گئی، تاہم جموں خطے میں آئندہ ہفتے کے دوران مختلف مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں، امرناتھ یاتریوں، سیاحوں اور بالخصوص پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں سفر کرنے والوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور مکمل احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے مطابق شدید بارش کے باعث بعض شاہراہوں پر ٹریفک کی عارضی بندش اور نشیبی علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔پہلگام میں سب سے زیادہ 42.6 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ گلمرگ میں 11.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی عرصے کے دوران سرینگر میں کوئی بارش ریکارڈ نہیں ہوئی۔ خودکار موسمی اسٹیشنوں میںچندن واڑی (اننت ناگ) میں 38.5 ملی میٹر بارش سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ نے بتایا کہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جبکہ جموں خطے کے کئی علاقوں میں یہ معمول سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں شہر میں پارہ 34.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔یو این ایس کے مطابق رات کے درجہ حرارت میں کشمیر کے بیشتر علاقوں میں معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت تقریباً معمول کے مطابق رہا۔ گلمرگ وادی کا سرد ترین مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں خطے میں بھدرواہ کا کم سے کم درجہ حرارت 17.4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز سرینگر میں مطلع جزوی سے زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ جموں میں بھی مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا، ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔










