مجموعی تعداد 250 ہوگئی،این ایم سی کی منظوری سے 2026-27سے نئی نشستیں دستیاب
سرینگر//جموں و کشمیر میں طبی تعلیم کے شعبے کو مزید وسعت دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت میںنیشنل میڈیکل کمیشن نے گورنمنٹ میڈیکل کالجسری نگر میں ایم بی بی ایس کی 50 اضافی نشستوں کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد کالج میں ایم بی بی ایس کی سالانہ داخلہ صلاحیت 200 سے بڑھ کر 250 نشستیں ہو جائے گی، جس کا اطلاق تعلیمی سیشن 2026-27سے ہوگا۔یو این ایس کے مطابق محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این ایم سی کے میڈیکل اسیسمنٹ اینڈ ریٹنگ بورڈ نے نیشنل میڈیکل کمیشن ایکٹ 2019 کی دفعہ 28(3) کے تحت لیٹر آف پرمیشن جاری کرتے ہوئے اضافی نشستوں کی منظوری دی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منظوری انڈر گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اسٹینڈرڈز ریگولیشنز، 2023 کے تحت کیے گئے جامع معائنے اور جانچ کے بعد دی گئی، جس میں کالج کے تدریسی، طبی اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔محکمہ صحت نے اس پیش رفت کو جموں و کشمیر میں طبی تعلیم اور صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف نوجوان طلبہ کے لیے ایم بی بی ایس میں داخلے کے مزید مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مستقبل میں ڈاکٹروں کی دستیابی میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔محکمہ کے مطابق حکومت طبی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے اور معیاری طبی افرادی قوت تیار کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ برس بھی تعلیمی سیشن 2025-26کے لیے جی ایم سی سری نگر میں 20 اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کی منظوری دی گئی تھی، جس کے بعد داخلہ صلاحیت 180 سے بڑھ کر 200 ہو گئی تھی۔تازہ منظوری کے بعد گزشتہ دو برسوں میں جی ایم سی سری نگر کی ایم بی بی ایس نشستوں میں مجموعی طور پر 70 کا اضافہ ہوا ہے، جس سے سالانہ داخلہ صلاحیت 180 سے بڑھ کر 250 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت نے امید ظاہر کی کہ نشستوں میں یہ اضافہ جموں و کشمیر کے طلبہ کو ریاست سے باہر جانے کی ضرورت کم کرے گا اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کی حیثیت ملک کے ممتاز طبی تعلیمی اداروں میں مزید مستحکم ہوگی۔ ساتھ ہی اس اقدام سے مستقبل میں صحت کے شعبے میں افرادی قوت کی کمی دور کرنے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔










