جاوید رانا نے محکمہ جل شکتی میں 329 جونیئر اِنجینئروں کا خیر مقدم کیا

سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے پیر کے روز محکمہ جل شکتی میں نئے تعینات ہوئے 329 جونیئر اِنجینئروں (سول) کا خیرمقدم کیا اوراس اُمید کا اِظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت میں دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھیں گے۔محکمہ جل شکتی نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کی جانب سے منتخب کردہ 346 اُمیدواروں میں سے 329 اُمیدواروں کے تقرری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اِن اِنجینئروں کو محکمہ کی مختلف شاخوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ تکنیکی اَفرادی قوت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔وزیرموصوف نے جے کے ایس ایس بی کی جانب سے اِنتخابی عمل کو شفاف اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے اور منتخب اُمیدواروں کی فہرست بروقت محکمہ کے حوالے کرنے پر سراہا۔ اُنہوں نے کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈِی) کی بھی ستائش کی جس نے تمام 329 منتخب اُمیدواروں کی کردار اور سابقہ ریکارڈ کی جانچ تیزی سے مکمل کی جس کے نتیجے میں تقرری کے احکامات بروقت جاری کئے جا سکے۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ جل شکتی شالین کابرانے بھی نئے تعینات ہوئے اِنجینئروں کومُبارک باد دِی اور نیک خواہشات پیش کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عوامی مفاد میں مؤثر اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے دیانت داری اور عزم کے ساتھ اَپنے فرائض انجام دیں گے۔