چوتھے قافلے کے ساتھ یاتریوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی
سرینگر//امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اتوار کی علی الصبح 6,721 مزید عقیدت مند سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نیواس بیس کیمپ سے کشمیر کے لیے روانہ ہوئے۔ حکام کے مطابق چوتھے قافلے کے روانہ ہونے کے ساتھ ہی رواں برس جموں سے وادی کشمیر کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 20,220 ہو گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ تازہ قافلے میں 1,310 خواتین اور 22 بچے بھی شامل ہیں۔ یاتریوں کو دو الگ الگ قافلوں کی صورت میں روانہ کیا گیا، جن میں پہلا قافلہ صبح تقریباً 3 بجے اور دوسرا 3 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوا۔قہلے قافلے میں 2,590 یاتری 152 گاڑیوں کے ذریعے گاندربل کے بالتل بیس کیمپ کی طرف روانہ ہوئے، جبکہ دوسرے قافلے میں 4,131 عقیدت مند 139 گاڑیوں میں ضلع اننت ناگ کے نن ون (پہلگام) بیس کیمپ کے لیے روانہ کیے گئے۔واضح رہے کہ 57 روزہ شری امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز 3 جولائی کو ہوا تھا، جبکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 2 جولائی کو جموں سے پہلے قافلے کو روانہ کیا تھا۔ یاترا روایتی 48 کلومیٹر طویل پہلگام راستے اور 14 کلومیٹر مختصر بالتل راستے کے ذریعے جاری ہے۔حیو این ایس کے مطابق کام کے مطابق یاترا کے ابتدائی دو روز کے دوران ہی 26 ہزار سے زائد عقیدت مند سطح سمندر سے تقریباً 3,880 میٹر بلند مقدس امرناتھ غار میں درشن کر چکے ہیں۔دریں اثنا جموں و کشمیر انتظامیہ نے غیر رجسٹرڈ عقیدت مندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر معمولی رش کے پیش نظر چند روز تک اپنے سفر کو مؤخر کر دیں، کیونکہ 9 جولائی تک تمام رجسٹریشن سلاٹس مکمل ہو چکے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق اتوار سے صرف وہی یاتری کشمیر کی جانب روانہ ہونے کی اجازت حاصل کریں گے جن کے پاس مقررہ تاریخ کے ساتھ درست رجسٹریشن موجود ہوگی، جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد کو نئی رجسٹریشن دستیاب ہونے تک مقررہ چیک پوائنٹس پر روک دیا جائے گا۔










