amit shah

امرناتھ یاترا کے آغاز پر وزیر داخلہ امت شاہ کی مبارکباد

یاترا کیلئے فول پروف سکیورٹی، کیو آر رجسٹریشن اور جدید نگرانی کا نظام قائم//امت شاہ

سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے آغاز پر تمام عقیدت مندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس یاترا سناتن ثقافت کے تئیں غیر متزلزل عقیدت، صبر، ضبط نفس اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی علامت ہے۔یو این ایس کے مطابق امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج اس مقدس سفر کا بابرکت آغاز ہو رہا ہے اور بابا برفانی کے درشن اور پوجا کے لیے جانے والے تمام عقیدت مندوں کے لیے ان کی نیک تمنائیں ہیں۔ انہوں نے یاتریوں کے محفوظ، کامیاب اور روحانی سکون سے بھرپور سفر کی دعا بھی کی۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ عزم، برداشت اور روحانی وابستگی کی ایک عظیم مثال ہے جو ہر سال لاکھوں لوگوں کو متحد کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ یاترا ملک کی ثقافتی اور روحانی روایات کی مضبوطی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔امت شاہ نے بتایا کہ مودی حکومت نے اس سال یاترا کے پورے راستے پر وسیع پیمانے پر حفاظتی اور سہولتی انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کثیر سطحی سکیورٹی گرڈ، کیو آر کوڈ پر مبنی رجسٹریشن، رہائش، صحت کی سہولیات اور آفات سے نمٹنے کے مضبوط انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر یاتری کا سفر محفوظ، آسان اور خوشگوار رہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز جمعہ کی صبح ہو چکا ہے اور بالتل (گاندربل) اور ننون/پہلگام (اننت ناگ) کے بیس کیمپوں سے عقیدت مندوں کے پہلے دستے مقدس غار کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، بھارتی فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔ یاترا کے راستوں پر جدید نگرانی کے نظام، آر ایف آئی ڈی ٹریکنگ اور ڈیجیٹل سرویلنس کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہجوم کے نظم و نسق اور سکیورٹی کو مؤثر بنایا جا سکے۔سالانہ شری امرناتھ یاترا 2026 کا اختتام 28 اگست کو راکھی کے تہوار کے موقع پر ہوگا۔